Sunday , August 20 2017
Home / اضلاع کی خبریں / زرعی مارکٹ کمیٹی نارائن پیٹ میں توڑ پھوڑ

زرعی مارکٹ کمیٹی نارائن پیٹ میں توڑ پھوڑ

سکریٹری و کمیشن ایجنٹ کو زد و کوبی ، تور کی قیمتوں میں کمی پر کسانوں کی برہمی
نارائن پیٹ ۔ 17 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : تور کی قیمتوں میں کمی کے سبب زرعی مارکٹ کمیٹی ، نارائن پیٹ کے سکریٹری مسٹر نوین کمار کو برہم کسانوں نے دفتر سے باہر کھینچ کر گھونسہ بازی کرتے ہوئے تختہ مشق بنایا اور زد و کوب کرتے ہوئے انہیں دور تک دوڑایا ۔ بیچ بچاؤ کی کوشش کرنے والے کمیشن ایجنٹ پر بھی کسانوں نے ہلہ بول دیا ۔ کسانوں کا کہنا تھا کہ حکومت نے تور کی دال کی خریداری کے لیے جو امدادی قیمت مقرر کی ہے ۔ وہ نہایت ہی کم ہے ۔ جس سے انہیں خرچ شدہ رقم بھی حاصل ہونا مشکل ہے ۔ برہم کسانوں کا ہجوم دفتر زرعی مارکٹ کمیٹی میں داخل ہو کر چیرمین مارکیٹ کمیٹی کے چیمبر میں توڑ پھوڑ مچائی اور فرنیچر کو شدید نقصان پہنچایا ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے مارکٹ یارڈ پہنچ کر مسٹرنوین کمار کو بحفاظت پولیس اسٹیشن لے گئے ۔ مسٹر نوین کمار نے بتایا کہ مارکٹ یارڈ میں تقریبا 10 ہزار تھیلے تور کی دال فروخت کے لیے کسانوں کی جانب سے لائی گئی فی کنٹل قیمت اقل ترین 4680 روپئے تا اعظم ترین 5070 روپئے مقرر کی گئی ۔ مگر کسانوں نے مطالبہ کیا کہ تور کی دال کی اقل ترین قیمت کم از کم 5000 روپئے مقرر کی جائے ۔ پولیس کی مداخلت اور افہام و تفہیم کے باوجود کسانوں نے ایک نہ سنی اور پولیس کے قابو سے باہر آکر کسانوں نے بین ریاستی شاہراہ پر دھرنا دیا اور راستہ روکو احتجاج منظم کیا ۔ سب کلکٹر نارائن پیٹ مسٹر ایس کرشنا آدتیہ اور جوائنٹ کلکٹر محبوب نگر نے کسانوں سے مشاورت کی اور امدادی قیمتوں کے متعلق بات چیت کی ۔ کسانوں نے جوائنٹ کلکٹر سے کہا کہ انہیں امدادی مناسب قیمت نہیں دی گئی تو ان کے پاس خود کشی کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے ۔ رات دیر گئے بھی کسانوں اور زرعی مارکٹ کمیٹی عہدیداروں کے درمیان کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوپایا ۔ دوسری جانب سرکاری ملازمین نے سکریٹری زرعی مارکٹ کمیٹی پر حملہ کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT