Tuesday , September 26 2017
Home / شہر کی خبریں / زرعی مارکٹ یارڈ کمیٹیوں کی تشکیل میں 12فیصد مسلم تحفظات پر عمل کی تجویز : ٹی ہریش راؤ

زرعی مارکٹ یارڈ کمیٹیوں کی تشکیل میں 12فیصد مسلم تحفظات پر عمل کی تجویز : ٹی ہریش راؤ

حیدرآباد ۔ 21 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : حکومت تلنگانہ زرعی مارکٹ یارڈ کمیٹیوں کی تشکیل میں 12 فیصد مسلم تحفظات کے عمل کو یقینی بنانے پر غور کرے گی ۔ ریاستی وزیر مسٹر ٹی ہریش راؤ نے آج تلنگانہ قانون ساز کونسل میں مباحث کے دوران یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت مارکٹ یارڈ کمیٹیوں کے صدور نشین کے انتخاب و نامزدگیوں میں مسلم تحفظات کو قابل عمل بنانے پر غور کرے گی ۔ قائد اپوزیشن جناب محمد علی شبیر نے آج وقفہ سوالات کے دوران نئی مارکٹ کمیٹیوں کی تشکیل اور نئے مارکٹس کی تعمیر کے متعلق ڈاکٹر آر بھوپتی ریڈی کی جانب سے اٹھائے گئے سوال پر مباحث میں حصہ لے رہے تھے ۔ انہوں نے حکومت کو مشورہ دیا کہ حکومت نئے مارکٹ یارڈ کمیٹیوں کے صدور نشین کی نامزدگیوں میں 12 فیصد مسلم تحفظات کو یقینی بنائے چونکہ اس سے حکومت کی سنجیدگی ظاہر ہوگی ۔ جناب محمد علی شبیر نے بتایا کہ حکومت کو ایسا کرنے میں کوئی دستوری رکاوٹ کا سامنا بھی نہیں رہے گا چونکہ ان کمیٹیوں کی تشکیل حکومت کا اختیار تمیزی ہے ۔ اسی لیے حکومت اپنے انتخابی وعدے 12 فیصد مسلم تحفظات پر اپنی سنجیدگی کا اظہار کرسکتی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ تعلیم و روزگار میں دستوری رکاوٹیں ہیں لیکن اس میں کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کی جاسکتی جس پر مسٹر ٹی ہریش راؤ نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس مطالبہ پر غور کرتے ہوئے اسے قابل عمل بنانے پر مشاورت کرے گی ۔ بعد ازاں جناب محمد فاروق حسین نے شخصی طور پر وزیر آبپاشی جناب ہریش راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے 12 فیصد تحفظات کے معاملہ میں حکومت شبہات کے ازالہ کے لیے فوری طور پر مارکٹ یارڈ کمیٹیوں میں کم از کم 30 مسلمانوں کو صدور نشین بناتے ہوئے سنجیدگی کا اظہار کرے ۔۔

TOPPOPULARRECENT