Wednesday , October 18 2017
Home / Top Stories / زرعی پیداوار میں مسلسل کمی باعث تشویش

زرعی پیداوار میں مسلسل کمی باعث تشویش

اس سال بھی ناکافی بارش، قدرت مہربان نہیں رہی : پرنب مکرجی
نئی دہلی ۔ 5 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے ناکافی بارش کے سبب لگاتار دوسرے سال بھی زرعی پیداوار میں کمی کے اندیشوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ سائنسی ترقیوں کے باوجود ہندوستانی زراعت، موسم کے شکنجہ سے ہنوز مکمل طور پر آزاد نہیں ہوسکی ہے۔ قابل کاشت علاقوں کی اکثریت قحط، طوفان و سیلاب جیسے موسمی آفات سے بری طرح متاثر ہورہے ہیں جس کے پیش نظر صدرجمہوریہ نے اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے سنجیدہ مساعی کرنے اور ہندوستانی زراعت کو موسمی تغیرات کے اثرات سے محفوظ بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر ہند نے ہندوستانی زرعی تحقیقی اداروں پر زور دیا کہ وہ دستیاب موقعوں سے ایسی ٹیکنالوجی متعارف کریں جو موسمی تغیرات کا مقابلہ کرسکے۔ انہوں نے اس ضمن میں بائیو ٹیکنالوجی اور نانو ٹیکنالوجی کے فروغ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ پرنب مکرجی نے دالوں اور خوردنی تیل کیلئے درآمدات پر انحصار کا تذکرہ بھی کیا۔ ہندوستانی زرعی تحقیقی ادارہ (آئی اے آر آئی) 54 ویں جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سال 2014-15ء کے دوران کافی بارش کے سبب 2013-14ء کے مقابلے زرعی اجناس کی پیداوار میں 265 ملین ٹن کی ریکارڈ کمی ہوئی۔ صدر پرنب مکرجی نے کہا کہ ’’قدرت، اس سال بھی ہم پر زیادہ مہربان نہیں رہی۔ ناکافی بارش کے بعد قحط سالی رہی، جس سے لگاتار دوسرے سال بھی زرعی پیداوار متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔ یہ امر باعث تشویش ہے‘‘۔ صدر نے مزید کہا کہ ’’اب سنجیدہ مساعی کا وقت آ گیا ہے کیونکہ ہندوستان کا 80 فیصد زرعی علاقہ سیلاب، طوفان اور قحط جیسے سنگین و بدترین موسمی حالات کی گرفت میں ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ عالمی موسمی حالات مزید ناسازگار ہوسکتے ہیں۔ چنانچہ آئی اے آر آئی جیسے اداروں کو چاہئے کہ وہ بائیوٹیکنالوجی، کمپیوٹنگ بائیولوجی، سنسر ٹیکنالوجی جیسے دستیاب موقعوں کے ذریعہ موسم سے نمٹنے و ٹیکنالوجی پر مبنی حل دریافت کریں۔ صدر مکرجی نے کہا کہ ’’تکنیکی و مالی امداد اور نظریات کے ذریعہ زرعی طریقوں اور تکنیکوں کو عصری و اختراعی بنایا جائے۔ کسانوں میں جوکھم مولنے کی صلاحیتوں میں اضافہ کیا جدید متعارف فصل بیمہ اسکیم ذریعہ کسانوں کے جوکھم اور نقصانات کو کم کرنے میں مدد ملے گی‘‘۔

TOPPOPULARRECENT