Wednesday , September 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / زلزلہ متاثرین کی مدد ، آفریدی پہلے کھلاڑی

زلزلہ متاثرین کی مدد ، آفریدی پہلے کھلاڑی

پشاور۔27 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام )پاکستانی  ٹوئنٹی 20  ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی ایک مرتبہ پھر سب پر بازی لے جاتے ہوئے زلزلہ متاثرین کی مدد پہنچنے والے پہلے کرکٹر بن گئے۔ پیر کو پاکستان اور افغانستان میں آئے شدید زلزلے کے نتیجہ میں پاکستان بھر خصوصاً خیبرپختونخوا کو شدید نقصان پہنچا جہاں اب زلزلے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 200 سے تجاوز کر چکی ہے۔ زلزلے کے بعد مختلف شخصیات اور تنظیموں نے زلزلہ متاثرین کیلئے امداد کا اعلان کیا لیکن اسٹار کرکٹر شاہد آفریدی بذات خود زلزلہ متاثرین کی مدد کو پہنچ گئے۔ انہوں نے منگل کو پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا دورہ کیا اور زلزلے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی اور انہیں امدادی رقم بھی دی۔ شاہد آفریدی نے اپنی فلاحی تنظیم شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کی جانب سے متاثرین زلزلہ کیلئے 50 لاکھ روپے امداد کا بھی اعلان کیا۔دریں اثناء پاکستانی ٹسٹ ٹیم کے کپتان نے بھی زلزلے میں ہونے والی ہلاکتوں اور نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زلزلے کی خبر سن کر ہمیں بہت صدمہ پہنچا ہے اور ہم خاندانوں سے دل کی گہرائیوں سے تعزیت کا اظہا کرتے ہیں جنہوں نے اس حادثے میں اپنے پیاروں کو کھو دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں جیت کی اتنی خوشی نہیں ہوئی کیونکہ تمام کھلاڑی افسردہ تھے اور امدادی کاموں میں اپنا کردار ادا کرنے کے خواہشمند ہیں۔ ٹیم کے مایہ ناز تجربہ کار بیٹسمین یونس خان نے بھی زلزلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری عوام کیلئے ایک بہت بڑاسانحہ ہے۔ زلزلے میں سب سے زیادہ متاثرہ خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے یونس نے کہا کہ تمام کھلاڑی زلزلہ متاثرین کے ساتھ ہیں اور وطن واپس لوٹتے ہی میں امدادی سرگرمیوں میں حصہ لوں گا کیونکہ اس کڑے وقت میں اپنے بہن بھائیوں کی مدد کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

TOPPOPULARRECENT