Monday , September 25 2017
Home / کھیل کی خبریں / زمبابوے کو دھونی کی ٹیم انڈیا روانہ، ہفتہ کو پہلا ونڈے

زمبابوے کو دھونی کی ٹیم انڈیا روانہ، ہفتہ کو پہلا ونڈے

نئی دہلی ؍ ہرارے ، 8 جون (سیاست ڈاٹ کام) مہندر سنگھ دھونی کی قیادت میں زیادہ تر نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہندوستانی ٹیم زمبابوے کو لمیٹیڈ اوورز سیریز کیلئے روانہ ہوچکی ہے، جس کے تحت تین ونڈے انٹرنیشنلز اور دو ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنلز کھیلے جائیں گے۔ نیشنل سلیکٹرز نے سینئر اور تجربہ کار کھلاڑیوں کو آرام کا موقع دیتے ہوئے اسکواڈ میں چھ نئے چہروں کو شامل کیا ہے، جنھیں تجربہ کار دھونی کی کپتانی میں میچ کھیلنے کا موقع ملنے کی توقع ہے۔ دھونی نے سیریز قبل کے اپنے بیان میں یہی دہرایا کہ ٹیم انڈیا اس لمیٹیڈ اوورز سیریز میں زمبابوے کو آسان نہیں سمجھے گی۔ دھونی کا اس ٹور پر اپنے پُرشکوہ لمیٹیڈ اوورز کریئر کے ایک اور سنگ میل کو پالینا طے نظر آتا ہے۔ زمبابوے کے خلاف او ڈی آئی سیریز میں جو ہفتہ 11 جون کو ہرارے میں شروع ہوگی، دھونی کو 50 اوور والے انٹرنیشنلز فارمٹ میں 9,000 رن کلب میں شمولیت کا موقع ہے۔ 34 سالہ وکٹ کیپر بیٹسمن کو اس نشانے کی تکمیل کیلئے مزید 82 رنز درکار ہیں، جیسا کہ وہ ابھی تک 275 او ڈی آئیز میں 8,918 رنز اسکور کرچکے ہیں۔ اپنا کریئر ڈسمبر 2004ء میں بنگلہ دیش کے خلاف شروع کرنے کے بعد سے دھونی دنیا بھر کے بہترین لمیٹیڈ اوورز کھلاڑیوں میں ابھرے ہیں۔ دھونی کرکٹ تاریخ کا واحد کیپٹن ہیں جنھوں نے تمام 3 عالمی ٹروفیاں جیتے۔ انھوں نے پہلے انڈیا کی قیادت کرتے ہوئے 2007ء ورلڈ T20 فتح دلائی، اور 2011ء میں ورلڈ کپ کی تاریخ کا بہت مشہور چھکا لگاتے ہوئے ٹروفی کا حصول مکمل کیا۔ 2013ء میں وہ انڈیا کو چمپینس ٹروفی جیت بھی دلا چکے ہیں۔ ہندوستانی ٹیم کے مختصر دورۂ زمبابوے کا دوشنبہ 20 جون کو دوسرے T20I کے ساتھ اختتام ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT