Friday , August 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / زمبابوے کو شکست ‘سری لنکا نے سہ رخی سیریز جیت لی

زمبابوے کو شکست ‘سری لنکا نے سہ رخی سیریز جیت لی

بلاوایو ۔28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام)سری لنکا کی ٹیم نے مجموعی طورپر بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے زمبابوے کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سہ فریقی سیریز باآسانی جیت لی۔بلاوایو میں کھیلے گئے سہ فریقی سیریز کے فائنل میں میزبان زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو سری لنکن بولروں نے غلط ثابت کردیا۔زمبابوے کے دونوں اوپنر مساکاڈزا اور پیٹرمور19 کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے تھے تاہم کریگ ایروین اور مساکانڈا نے اسکور کو 72 تک پہنچایا لیکن ایروین کی ہمت 25 رنز بنانے کے بعد جواب دے گئی۔سری لنکائی بولروں نے میزبان بیٹسمینوں کو وکٹ پر جم کر کھیلنے کا کوئی موقع فراہم نہیں کیا اور 36 رنز بنا کر زمبابوے کو 85 رنز تک پہنچانے والے مساکانڈا کو ویندرسے نے آؤٹ کر کے اہم کامیابی حاصل کی۔گزشتہ میچ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سکندر رضا صرف 5 رن زبنا کر پیتھرانا کو وکٹ دے گئے۔تجربہ کار کھلاڑی سین ولیمز نے 35 رنز بنا کر ٹیم کو سہارا دینے کی بھرپور کوشش کی لیکن دوسری سرے  سے وکٹیں جاتی رہیں۔زمبابوے کی پوری ٹیم 37 ویں اوور میں 160 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔سری لنکا کی جانب سے جیفری ویندرسے اور اسیلا گونارتنے نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سچیت پاتھیرانا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔سری لنکا کی نوجوان ٹیم کو ایک آسان نشانہ کے تعاقب میں شروع میں ہی نقصان اٹھانا پڑا جب ڈی سلوا صفر پر آؤٹ ہوئے اور نیروشان ڈکویلا 16 رنز بنا کر 29 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے تو مہمان ٹیم دباؤ میں نظر آنے لگی لیکن مینڈس نے وکٹ سنبھالی اور ٹیم کی جیت کو یقینی بنایا۔نوجوان کوسل مینڈس نے گزشتہ میچوں کی طرح اپنی شاندار کارکردگی کو جاری رکھا اور 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔کپتان اوپل تھرنگا نے ناقابل شکست 57 اور گونارتنے نے 16 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو 38 ویں اوور میں فتح سے ہمکنار کیا۔سری لنکا نے 166 رنز کے حصول کے لئے 4 وکٹیں گنوائیں۔زمبابوے کی جانب سے برائن ویٹوری نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔سری لنکا کے مینڈس کو شاندار کارکردگی پر میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔واضح رہے سہ فریقی سیریز میں شامل ویسٹ انڈیز کو میزبان زمبابوے نے بارش سے متاثرہ میچ میں ڈک ورتھ لوئس کے تحت شکست دے کر فائنل تک رسائی کی تھی۔

TOPPOPULARRECENT