Monday , August 21 2017
Home / شہر کی خبریں / زو اِسٹاف کی صرف 20 منٹ ہڑتال تنخواہوں میں اضافہ کا مطالبہ

زو اِسٹاف کی صرف 20 منٹ ہڑتال تنخواہوں میں اضافہ کا مطالبہ

حیدرآباد۔ 21 اگست (سیاست نیوز) نہرو زوالوجیکل پارک کے مستقل اور آؤٹ سورسنگ ملازمین نے کل 20 منٹ تک کام روک دیا۔ ان کی شکایت ہے کہ انہیں رخصت نہیں دی جارہی ہے اور ان کے کام کے حالات اطمینان بخش نہیں ہیں۔ ٹکٹ کلکٹرس، انیمل کیپرس، گارڈنرس اور ڈرائیورس نے ایڈمنسٹریٹیو آفس کے روبرو احتجاج کیا۔ زو دیکھنے کے لئے آئے ہوئے افراد کو زو میں داخل ہونے کیلئے انتظار کرنا پڑا کیونکہ داخلہ ٹکٹ دینے والا اسٹاف بھی احتجاج میں شامل تھا۔ زو کیوریٹر شیوانی درگا نے کہا کہ مسئلہ حل کرلیا گیا ہے۔ یہ محض انتظامی مسئلہ تھا۔ کم تنخواہ پانے والے ملازمین تنخواہوں میں اضافہ کی مانگ کررہے ہیں۔ مالی کی تنخواہ 6,700، جونیر اسسٹنٹ کی تنخواہ 8,400، ڈرائیور کی تنخواہ 8,000، کمپیوٹر آپریٹر کی تنخواہ 9,500 اور جانوروں کی دیکھ بھال کرنے والے کی تنخواہ 6,700 روپئے ہے۔ آؤٹ سورسنگ ملازمین نے شکایت کی کہ وہ زو میں پانچ سال سے زائد عرصہ سے کام کررہے ہیں۔ 50 افراد ایسے ہیں جن کی سرویس دس سال ہوچکی ہے۔ صفائی ستھرائی کے لحاظ سے یہ زو ملک میں نمبرون ہے، لیکن ملازمین کی زندگیوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔380 ایکڑ پر موجود زو کے لئے صرف 180 ریگولر اسٹاف ناکافی ہے۔ انیمل کیپر کی تنخواہ ایک ہاتھی کی خوراک کے بل کا 20% بھی نہیں ہے۔ زو صرف پانچ ہاتھیوں کو پالنے پر ہر سال 25 لاکھ روپئے خرچ کرتا ہے لیکن ہاتھیوں کو خوراک کھلانے والے انیمل کیپر کی ماہانہ تنخواہ صرف 6,700 روپئے ہے۔

TOPPOPULARRECENT