Tuesday , October 17 2017
Home / جرائم و حادثات / زو پارک میں تصویرکشی کے دوران نوجوان ہلاک

زو پارک میں تصویرکشی کے دوران نوجوان ہلاک

سیلفی کا شوق بہار کے متوطن لڑکے کیلئے جان لیوا ثابت ہوا
حیدرآباد 5 اپریل (سیاست نیوز) موبائیل فون سے سیلفی لینا آج کل عام بات ہوگئی ہے لیکن تفریحی مقامات پر خطرناک انداز میں اپنے آپ کو خطرہ میں ڈال کر سیلفی لینا فیشن بن گیا ہے۔ اس طرح کا فیشن ایک نوجوان کی ہلاکت کا سبب بن گیا۔ یہ واقعہ آج شہر کے بڑے سیاحتی مرکز نہرو زوالوجیکل پارک میں پیش آیا۔ اس واقعہ کے بعد سیاحوں اور زو انتظامیہ میں سنسنی پھیل گئی۔ بہادر پورہ پولیس نے اطلاع ملتے ہی زو پہونچ کر معائنہ کیا اور پنچنامہ کے بعد 16 سالہ نوجوان منجیت چودھری کی نعش کو عثمانیہ ہاسپٹل منتقل کردیا اور مصروف تحقیقات ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ منجیت چودھری جو ضیاء گوڑہ علاقہ کے ساکن مدن چودھری کا بیٹا بتایا گیا، آج اپنے افراد خاندان کے ہمراہ تفریح کے لئے زو پارک پہونچا تھا۔ یہ نوجوان دسویں جماعت کا طالب تھا۔ اس کا تعلق ریاست بہار سے بتایا گیا۔ آج زو میں بٹر فلائی پارک میں یہ طالب علم موبائیل فون کے ذریعہ سیلفی لینے کی کوشش میں تھا کہ مشتبہ طور پر بلندی سے گر کر فوت ہوگیا۔ تاہم اس حادثہ سے قبل اس نے اپنے رشتہ داروں کے ساتھ یادگار لمحے گزارے اور کئی سیلفی لئے۔ بہادر پورہ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ زو حکام نے کہاکہ چٹان پر مصنوعی آبشار کے اطراف حصار بندی کی گئی تھی اور وہاں داخلہ ممنوع تھا جس کے باوجود منجیت عقبی حصہ سے داخلہ کے ذریعہ وہاں پہونچ گیا۔ ہنوز یہ واضح نہیں ہوسکا کہ مہلک حادثہ کے وقت وہ وہاں اپنی سیلفی لے رہا تھا یا اپنے ارکان خاندان کی تصویرکشی میں مصروف تھا۔

TOPPOPULARRECENT