Tuesday , September 19 2017
Home / دنیا / زہریلی مٹھائی سے ہلاکتوں کی تعداد 25 ہوگئی

زہریلی مٹھائی سے ہلاکتوں کی تعداد 25 ہوگئی

لیہ ۔ 25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع لیہ میں زہریلی مٹھائی کھانے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 25 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 5افراد کی حالت نازک ہے۔ زہریلے لڈو کھانے کا واقعہ گذشتہ ہفتے ایک گاؤں میں پیش آیا تھا جب عمر حیات نامی ایک مقامی دیہاتی نے پوتے کی پیدائش کی خوشی میں قریبی گاؤں کی ایک دکان کی مٹھائی تقسیم کی تھی۔ یہ مٹھائی کھا کر مقامی افراد کی بڑی تعداد بیمار ہو گئی تھی۔ زہریلے لڈو کھا کر ہلاک ہونے والوں میں عمر حیات اور اسکے چھ بیٹوں سمیت ایک ہی خاندان کے 11 افراد بھی شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہیکہ زہریلی مٹھائی سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 75 سے زیادہ ہے جن میں سے 5کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے اس دکان کے دو مالکان اور وہاں کام کرنے والے ایک شخص کو حراست میں لے لیا ہے جہاں سے یہ مٹھائی خریدی گئی تھی۔ اس بات کی تحقیقات کی جا رہی ہیکہ مٹھائی زہریلی کیسے ہوئی۔ پولیس نے ہلاکتوں کی وجہ بننے والی مٹھائی کو تجزیے کیلئے لیبارٹری بھجوا دیا ہے حکام کے مطابق خدشہ ہیکہ مٹھائی کی دکان سے متصل کیڑے مار ادویات کی دکان سے کچھ مادہ  لڈوؤں کی تیاری کے دوران ان میں شامل ہوگیا ہو۔

TOPPOPULARRECENT