Tuesday , August 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / زیکا وائرس سے ریو اولمپکس کا انعقاد غیر یقینی

زیکا وائرس سے ریو اولمپکس کا انعقاد غیر یقینی

برازیلا ۔16 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) ریو ڈی جینرو میں رواں برس ہونے والے اولمپک کھیلوں پر زیکا وائرس کی سیاہ بادل منڈ لارہے ہیں۔ امریکی اولمپک کمیٹی کو مختلف فیڈریشنوں کی جانب سے کھلاڑیوں اور عملہ کی شرکت پر گہری تشویش سے مطلع کیا گیا ہے۔ برازیل میں زیکا وائرس سے لاکھوں افراد متاثر ہیں اور حکومت اپنی کوشش میں ہے کہ اِس پر قابو پایا جا سکے لیکن مدافعتی دوا کی عدم دستیابی سے صورت حال مشکل سے مشکل تر ہوتی جا رہی ہے۔ رواں برس بندرگاہی شہر ریو ڈی جینرو میں گرمائی اولمپکس کا انعقاد ہونا ہے۔ کئی حلقوں نے زیکا وائرس کے بعد کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرنا شروع کر دیا ہے۔ اب ان میں امریکہ کی مختلف فیڈریشنوں کے کھلاڑی اور عملہ شامل ہو گیا ہے۔ کئی فیڈریشنوں نے واضح الفاظ میں ریو گیمز میں شرکت سے معذوری کا اظہار کر دیا ہے۔ امریکی اولمپک کمیٹی کو ملک کی کئی اسپورٹس فیڈریشنز کی جانب سے مطلع کیا گیا ہے کہ زیکا وائرس کی وجہ سے کھلاڑی اور عملہ ریو اولمپکس میں شرکت کے حوالے سے گہرے تحفظات رکھتے ہیں۔ گزشتہ ماہ کے آخر میں امریکی اولمپک کمیٹی اور مختلف اسپورٹس فیڈریشنوں کے سربراہان کی کانفرنس میں گیمز میں شرکت کے حوالے سے کھلاڑیوں اور اسٹاف کی صحت کو لاحق ہو جانے والے خطرات کا اظہار کیا گیا۔دریں اثناء اولمپک کھیلوں کا عالمی ادارہ بھی زیکا وائرس کے پھیلاؤ کی روشنی میں جلد ہی کوئی بیان جاری کر سکتا ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ گرمائی کھیلوں میں امریکا ہمیشہ ایک پاور ہاؤس کے طور پر شریک ہوتا ہے۔ 2012 کے لندن اولمپکس میں سب سے زیادہ میڈلس امریکی ایتھلیٹوں نے ہی جیتے تھے۔ کھیلوں کے تجزیہ نگاروں کے مطابق امریکہ کی عدم شرکت سے اولمپکس کا رنگ پھیکا ہو جائے گا اور یہ 1980 کے سابق سوویت یونین کے دور میں ماسکو اولمپکس جیسے ہو سکتے ہیں۔ امریکہ کی تقلید میں کئی یورپی ملکوں میں زیکا وائرس کے حوالے سے حکومتیں اور اولمپک کمیٹیاں ابھی سے شرکت کے حوالے سے متفکر دکھائی دیتی ہیں۔  برازیلی شہر ریو اولمپکس رواں برس اگست میں منعقد ہوگا۔ ان گیمز کے انعقاد کے حوالے سے برازیل کے میڈیا پر بھی خدشات ابھرنا شروع ہو گئے ہیں۔ ان اندیشوں کا احساس کرتے ہوئے برازیلی وزیر صحت نے ان کی مذمت کرتے ہوئے واضح کیا کہ حکومت اولمپکس گیمز کے لئے بہترین حالات مہیا کرنے کی پابند ہے اور ہر ممکن حفاظتی اقدامت کئے جائیں گے۔ مبصرین کے بموجب  زیکا وائرس کا سبب بننے والا مچھر کیڑے مار ادویات کے خلاف مزاحمت پیدا کر چکا ہے اور برازیلی حکومت کے علاوہ دنیا بھر میں ان کے انسداد کے لئے کوئی مؤثر دوا موجود نہیں ہے۔

TOPPOPULARRECENT