Saturday , September 23 2017
Home / اضلاع کی خبریں / ساؤتھ انڈیا سادات اسوسی ایشن کا قیام

ساؤتھ انڈیا سادات اسوسی ایشن کا قیام

سید شاہ احمد پیر شاہ میری صدر، سید شاہ کلیم اللہ سکریٹری منتخب
مدن پلی۔/6نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جنوبی ہند کی مشہور خانقاہ شاہ میریہ کے سربراہ سید شاہ احمد پیر شاہ میری چشتی القادری کی صدارت میں ساؤتھ انڈیا سادات اسوسی ایشن کا قیام عمل میں آیا جس میں جنوبی ہند کے مختلف مقامات سے مشائخین اور سادات نے شرکت کی۔ شہر کڑپہ میں منعقدہ اس اجلاس میں نائب صدور کی حیثیت سے ریاض پاشاہ ( چینائی) سیف الدین ( وینکٹ گیری ) شفیع پاشاہ ( تروپتی ) جنرل سکریٹری کے عہدہ کے لئے نظیر احمد قادری ( کدری ) اور سکریٹری کے عہدہ کیلئے سید شاہ کلیم اللہ ( مدن پلی ) منتخب ہوئے۔ سید کلیم اللہ شاہ نے نمائندہ سیاست سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مشائخین و سادات کے حقوق کے تحفظ اور سادات کو تعلیمی اور ملازمت میں تحفظات ، مکانات کی فراہمی، میناریٹی کارپوریشن کے ذریعہ لون وغیرہ، علاج معالجہ کیلئے جزوی امداد، شادی بیاہ میں امداد، حکومتی فلاحی اسکیمات کی عمل آوری اور اسے استفادہ کے لئے جدوجہد کرنے کی غرض سے اس تنظیم کا قیام عمل میں آیا ہے چونکہ سادات ’ سید ‘ ہونے کی وجہ سے بی سی ای زمرہ میں تحفظات کے لئے نااہل ہیں اس لئے مشائخین و سادات کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت ہند و ریاستی حکومتوں کو سنجیدگی سے غور کرنا ہے۔ اس کے علاوہ اس تنظیم کے ذریعہ ملک میں امن و سلامتی کے لئے اور قومی یکجہتی کی فضاء برقرار رکھنے کیلئے پیش پیش رہے گی۔ مساجد، مدارس، خانقاہوں ، آستانوں کے قیام، ترقی اور حفاظت کیلئے کام کرے گی اور اس تنظیم کے ذریعہ سماجی برائیوں کا تدارک اور اصلاح معاشرہ کے سلسلہ میں جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح برہمن ذات کے احباب کیلئے حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے اسی طرح مشائخین و سادات کیلئے بھی خصوصی توجہ دیں۔ سیدکلیم اللہ شاہ بچپن ہی سے متحرک مزاج کے مالک ہیں ، پڑھائی کے ایام میں اسکول لیڈر پڑھائی کے بعد  1977 تا 2006 تک اے پی ایس آر ٹی سی میں ملازم رہے اور کنٹرولر کے عہدہ پر وظیفہ یاب ہوئے۔ دوران ملازمت آر ٹی سی ڈپو سکریٹری، ایس بی ٹی ڈیلیگیٹ، اڈوائزر کے عہدوں پر مزدوروں کے مطالبات کیلئے اور آواز کو کارپوریشن تک پہنچانے میں نمایا کردار ادا کیا۔ ان کی خدمات کے پیش نظر وظیفہ پر سبکدوشی کے بعد بھی اسٹیٹ اسسٹنٹ سکریٹری کے عہدہ پر بھی فائز رہے۔ اسی دوران سیاسی میدان میں بھی وہ سرگرم رہے۔ تلگودیشم سے وابستہ رہے اور ریٹائر ہونے کے بعد تلگودیشم پارٹی نے انہیں اقلیتی سل مدن پلی ٹاؤن کا صدر بنایا اور تلگودیشم ٹاؤن کمیٹی میں نائب صدر بھی رہے۔ سادات اسوسی ایشن سے کافی امیدیں وابستہ ہیں۔ آندھرا پردیش ریاست میں چندرا بابو نائیڈو سے ان کی رفاقت سے تنظیم کو کافی فائدہ ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT