Wednesday , August 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / ساؤتھ ایشین گیمس کا انعقاد 15 دن کیلئے ملتوی

ساؤتھ ایشین گیمس کا انعقاد 15 دن کیلئے ملتوی

10 تا 20 جنوری کی بجائے فبروری کے دوسرے نصف میں مقابلوں کے انعقاد کا فیصلہ
چینائی 11 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ساؤتھ ایشین گیمس کو ‘ جو آئندہ سال 10 تا 20 جنوری گوہاٹی اور شیلانگ میں منعقد ہونے والے تھے ماہ فبروری کے دوسرے پندرہواڑہ تک کیلئے ملتوی کردیا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ جنوبی ایشیائی اولمپک کونسل کے رکن ممالک کے ایک اجلاس میں اتفاق رائے سے یہ فیصلہ کیا گیا ۔ اجلاس کی صدارت ہندوستانی اولمپک اسوسی ایشن کے صدر این رامچندرن نے کی ۔ کونسل نے فیصلہ کیا ہے کہ ٹینس کو بھی ان مقابلوں میں شامل کیا جائے ۔ رامچندرن نے اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان تواریخ میں دونوں میزبان ریاستوں میں سردی کو دیکھتے ہوئے کچھ رکن ممالک نے شیڈول میں تبدیلی کی خواہش کی تھی جسے قبول کرلیا گیا ہے ۔ تمام ارکان نے تواریخ میں تبدیلی سے اتفاق کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اجلاس میں تواریخ کو قطعیت نہیں دی گئی ہے اور قطعی تواریخ سے رکن ممالک کو آئندہ 15 دنوںمیں واقف کروادیا جائیگا ۔ اس سلسلہ میں پہلے حکومت ہند اور آسام و میگھالیہ کی حکومتوں سے مشاورت کی جائیگی اور تمام رکن ممالک سے بھی مشاورت ہوگی ۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں انڈین اولمپک اسوسی ایشن کی جانب سے دونوں ریاستوں کے چیف منسٹروں سے مشاورت کی جائیگی ۔ انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں ساؤتھ ایشین گیمس کے نو نامزد چیف ایگزیکیٹیو آفیسر آر کے شرما اور تمام دوسرے سات ممالک افغانستان ‘ بنگلہ دیش ‘ بھوٹان ‘ مالدیپ ‘ نیپال ‘ پاکستان اور سری لنکا کے وفود نے بھی شرکت کی اور کچھ کھیلوں کو ان گیمس میںشامل کرنے کا سے بھی اتفاق کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹینس کو ان گیمس میں شامل کرلیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ نشانہ بازی ‘ اتھیلیٹکس ‘ بیڈمینٹن ‘ باسکٹ بال ‘باکسنگ ‘ سائیکلنگ ‘ فٹبال ‘ ہینڈ بال ‘ہاکی ‘ جوڈو ‘ کبڈی ‘ کھو کھو ‘ شوٹنگ ‘ اسکواش ‘ سوئمنگ ‘ ٹیبل ٹینس ‘ ٹائیکنڈو ‘ ٹرائیتھلان ‘ والی بال ‘ ویٹ لفٹنگ ‘ ریسلنگ و ووشو ان گیمس میں شامل ہیں۔ نئے مقابلے جملہ 23 کھیلوں میں منعقد ہونگے اور بیشتر مقابلے گوہاٹی میں ہونگے ۔ کچھ مقابلوں کا شیلانگ میں انعقاد عمل میں آئیگا۔

TOPPOPULARRECENT