Saturday , October 21 2017
Home / جرائم و حادثات / ساؤتھ زون پولیس کی اچانک گھر گھر تلاشی مہم

ساؤتھ زون پولیس کی اچانک گھر گھر تلاشی مہم

حیدرآباد ۔ 24 نومبر ۔ ( سیاست نیوز ) مرکزی انٹلیجنس بیورو کی ہائی الرٹ کے بعد دونوں شہروں میں پولیس نے چوکسی اختیار کرلی ہے ۔ اس سلسلہ میں ساؤتھ زون پولیس نے علاقہ کنچن باغ اور چندرائن گٹہ میں گھر گھر تلاشی مہم کی جسکے تحت میانمار کے 19 باشندوں کو حراست میں لے لیا۔ پولیس نے اس کارروائی میں آسام سے تعلق رکھنے والے 12 مسلمانوں کو بھی حراست میں لے کر تفتیش کی ۔ تفصیلات کے بموجب پولیس نے حافظ بابا نگر کے سی بلاک کی مکمل ناکہ بندی کرکے تلاشی مہم کی جس کے دوران یہ گرفتاریاں عمل میں آئی ۔ ڈی سی پی ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائنا پر مشتمل 500 پولیس ملزمین کی ایک ٹیم نے علاقہ چندرائن گٹہ اور کنچن باغ میں اچانک گھر گھر تلاشی مہم کا آغاز کیا ۔ پولیس نے کنچن باغ علاقہ میں 54 گاڑیاں ‘ 49 موٹر سائیکلیں اور 5 آٹوز برآمد کرلئے ۔ پولیس نے چندرائن گٹہ غوث نگر میں کل رات دیر گئے تلاشی مہم کے تحت 40 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا۔ پولیس نے اس کارروائی میں بیف کولڈ اسٹوریج پر دھاوا کرکے بھاری مقدار میں بڑے جانور کا گوشت برآمد کرکے اُسے جی ایچ ایم سی عہدیداروں کے حوالے کردیا۔ پولیس نے چندرائن گٹہ کے اسمعٰیل نگر علاقہ میں غیرقانونی طورپر چلائے جارہے گٹکھے کی فیکٹری پر بھی دھاوا کرتے ہوئے بھاری مقدار میں اشیاء برآمد کرلی ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس چارمینار کے اشوک چکرورتی ، اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس فلک نما مسٹر ایم اے باری اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر بابو راؤ نے اس گھر گھر تلاشی مہم کی نگرانی کی۔

TOPPOPULARRECENT