Sunday , August 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / سائنا کی آسٹریلین اوپن میں پیشرفت، سندھو خارج

سائنا کی آسٹریلین اوپن میں پیشرفت، سندھو خارج

سڈنی ، 8 جون (سیاست ڈاٹ کام) اسٹار انڈین شٹلر سائنا نہوال آسان کامیابی کے ساتھ ویمنس سنگلز کے سکنڈ راؤنڈ میں پہنچ گئی لیکن پی وی سندھو کو اوپننگ راؤنڈ میں غیرمتوقع شکست ہوئی اور اُن کا آج یہاں 750,000 امریکی ڈالر والے آسٹریلین اوپن سوپر سیریز بیڈمنٹن ٹورنمنٹ سے اخراج ہوا۔ مینس سنگلز میں انڈیا کے کیدمبی سریکانت اور سمیر ورما نے متضاد فتوحات کے ساتھ دوسرے مرحلے میں رسائی پائی، لیکن کوالیفائر گرو سائی دت کیلئے معاملہ ختم ہوگیا جیسا کہ وہ فرسٹ راؤنڈ کی رکاوٹ عبور کرنے میں ناکام ہوئے۔ سائنا جنھوں نے 2014ء میں آسٹریلین اوپن ٹائٹل جیتا تھا، انھیں اپنے پہلے مرحلے میں شاید ہی کچھ مشکل پیش آئی اور آسٹریلیائی جوئے لئی کو محض 29 منٹ میں 21-10، 21-14 سے شکست دی۔ ساتویں سیڈ انڈین اسٹار سکنڈ راؤنڈ میں ملائیشیا کی جین وئی گوہ کے ساتھ مقابلہ کریں گی۔ تاہم عالمی نمبر 10 سندھو کو جنوبی کوریا کی کیم ہیو مین (40 واں رینک) کے مقابل 55 منٹ کے مقابلے میں 15-21، 19-21 سے ناکامی ہوئی۔ لیکن کم عمر تنوی لاڈ نے پچھڑنے کے بعد واپسی کرتے ہوئے آسٹریلیا کی کوالیفائر ٹیفانی ہو کے مقابل 52 منٹ کے میچ میں 18-21، 21-14، 21-11 سے جیت کر ٹورنمنٹ کے دوسرے راؤنڈ میں داخلہ پایا۔ وہ اگلے مقابلے میں چوتھی سیڈ وانگ ییہان سے کھیلیں گی۔ 12 ویں رینک کے حامل سریکانت نے ہانگ کانگ کے لانگ انگوس (11) کو 21-16، 21-12 سے ہرایا جبکہ گرو ہانگ کانگ کے ہو یون (14) کے مقابل 19-21، 21-12، 15-21 سے ہار گئے۔ سریکانت کا اگلا مقابلہ انڈونیشیا کے سونی دوی کونکورو سے رہے گا، اور سمیر کو انتھونی سنیسوکا گینتنگ اور چو تیان۔چین کے درمیان مقابلے کے ونر کا سامنا کرنا پڑے گا۔

TOPPOPULARRECENT