Sunday , October 22 2017
Home / شہر کی خبریں / سائنس کا شعبہ اور سرکاری اسکیم

سائنس کا شعبہ اور سرکاری اسکیم

حیدرآباد۔10 اگسٹ (سیاست نیوز ) مرکزی حکومت کی جانب سے اجتماعی طور پر شروع کئے جانے والے سائنسی پراجکٹس کیلئے 100کروڑ روپئے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ مرکزی حکومت کے محکمۂ سائنس و ٹکنالوجی کی جانب سے شروع کردہ اسکیم NIDHIکے تحت ان منصوبوں کو مالی مدد فراہم کرنے کی منصوبہ سازی کی گئی ہے جن کے ذریعہ سائنسی و ٹکنالوجی کی ترقی کی راہیں ہموار ہوتی ہیں۔ حکومت ہند کی جانب سے ملک بھر میں ان اداروں اور شخصیتوں کو اس اسکیم کے تحت مالیہ فراہم کیا جائے گا جو سائنسی ترقی میں اپنا کلیدی کردار اد کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں لیکن معاشی استحکام نہ ہونے کے سبب اپنے ایجادات و ہنر کو روشناس کروانے سے قاصر ہیں۔ نوجوانوں میں موجود جدت کو ابھارنے اور ان سے قومی سطح پر استفادہ کیلئے شروع کئے گئے اس منصوبہ کو ’’نیشنل انیشیٹیو فار ڈیولپنگ اینڈ ہارنیسنگ انوویشن‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس منصوبہ کے تحت ملک کے مختلف شہروں میں حکومت کی جانب سے مراکز کا قیام عمل میں لاتے ہوئے جدت پسند نوجوانوں کی رہنمائی کی جائے گی اور انہیں اپنے تجربات کو پیش کرنے کیلئے پلیٹ فارم فراہم کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ محکمہ کی جانب سے قومی سطح پر 10پریاس سنٹرس کا آغاز عمل میں لا یاجائے گا جہاں عصری سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ رہبری کو یقینی بنایا جائے گا۔ ان مراکز کے آغاز کیلئے 50لاکھ تا ایک کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے اور ان مراکز کے ذریعہ بہتر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا تا کہ محکمۂ سائنس و ٹکنالوجی کے بنیادی مقصد کو پورا کرتے ہوئے اس کے راست فائدے عوام تک پہنچائے جا سکیں۔NIDHIمراکز کے قیام کے متعلق شہروں کے انتخاب کے بعد سرمایہ کاری کے متعلق فیصلہ کیا جائے گا اور علاقائی ضرورتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ کس شہر میں کتنی رقم صرف کرتے ہوئے یہ مراکز قائم کئے جائیں۔ اسی طرح ان مراکز کے ذریعہ نہ صرف ہنر مند نوجوانوں اور اس شعبہ میں خدمات انجام دے رہی کمپنیوں کو اپنی جدت کے مظاہرے کا موقع میسر آئے گا بلکہ ان مراکز کے ذریعہ وہ اپنی تحقیق و تجربوں کو عالمی سطح پر پیش کر پائیں گے۔ خواہشمنداس اسکیم کے متعلق مزید تفصیلات مرکزی حکومت کے محکمۂ سائنس و ٹکنالوجی کی ویب سائٹ پر موجود ”NIDHI”اسکیم کے قوائد و ضوابط سے حاصل کر سکتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT