Tuesday , September 26 2017
Home / کھیل کی خبریں / سائنہ نے تاریخ بنائی ‘ ورلڈ بیڈمینٹن چمپئن شپ فائنل میں داخل

سائنہ نے تاریخ بنائی ‘ ورلڈ بیڈمینٹن چمپئن شپ فائنل میں داخل

پہلی ہندوستانی کھلاڑی ہونے کا اعزاز ۔ آج فائنل میں کیرولینا مارن سے قسمت آزمائی

جکارتہ 15 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کی اسٹار بیڈمینٹن کھلاڑی سائنہ نیہوال نے بیڈمینٹن ورلڈ چمپئن شپ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ اس رسائی کے ذریعہ انہوں نے تاریخ بنائی اور ورلڈ چمپئن شپ کے فائنل میں پہونچنے والی پہلی ہندوستانی اسٹار بن گئی ہیں۔ انہوں نے سیمی فائنل میں انڈونیشیا کی لنڈاوینی فانیتری کو 21-17 , 21-17 سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی ۔ اولمپک میں برانز میڈل حاصل کرچکی سائنہ نیہوال فی الحال عالمی سطح پر نمبر 2 رینکنگ رکھتی ہیں۔ انہوں نے عالمی نمبر 29 فانیتری کے خلاف بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی درج کی ۔ انہوںنے 55 منٹ میں یہ مقابلہ جیت کر فائنل میں اپنا مقام حاصل کرلیا ۔ فائنل میں ان کا مقابلہ اتوار کو عالمی ٹاپ سیڈ اسپین کی کیرولینا مارن سے ہوگا جنہوں نے سیمی فائنل میں جنوبی کوریا کی سونگ جی ہیون کے خلاف 21 – 17, 15 – 21, 21 – 16 سے کامیابی حاصل کی تھی ۔ ان کا یہ مقابلہ دیڑ؍ گھنٹے کا رہا ۔ سائنہ نیہوال کو عالمی نمبر ایک کیرولینا کے خلاف سبقت حاصل ہے ۔

دونوں کے مابین اب تک ہوئے چار مقابلوں میں تین میں سائنہ نیہوال نے کامیابی حاصل کی ہے ۔ اس میچ سے قبل سائنہ کو ہی سبقت اور پسندیدہ موقف حاصل تھا تاہم ان کی انڈونیشیائی مخالف کھلاڑی نے مقابلہ کی شروعات بہترین انداز میں کی تھی ۔ سائنہ کو اپنا روایتی کھیل پیش کرنے کچھ وقت لگا جب تک فانیتری نے 6 – 2 کی سبقت حاصل کرلی تھی ۔ تاہم جیسے ہی سائنہ اپنے روایتی انداز کو اختیار کرنے میں کامیاب ہوگئیں پھر انہوں نے مخالف کھلاڑی کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا ۔ ایک موقع پر دونوں کا اسکور 17 – 17 تھا تاہم یہاں سے سائنہ نے جارحانہ تیور اختیار کئے اور مخالف کھلاڑی کو ایک بھی پوائنٹ حاصل کرنے کا موقع دئے بغیر یہ گیم جیت لیا ۔ انہوں نے تین متواتر پوائنٹس حاصل کرکے یہ گیم جیتا تھا ۔ فانیتری نے دوسرے گیم میں بھی حالانکہ قدرے مزاحمت کی تاہم ان کے ٹخنے میں زخم بھی تھا اور انہیں مزید چوٹ لگنے کی وجہ سے وہ سائنہ کی رفتار اور ان کے کھیل کا جم کر مقابلہ نہیں کرسکیں اور اس گیم میں بھی انہیں 21 – 17 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔

TOPPOPULARRECENT