Saturday , October 21 2017
Home / شہر کی خبریں / سابق صدر کانگریس رنگاریڈی کے ایم پرتاپ کانگریس سے مستعفی

سابق صدر کانگریس رنگاریڈی کے ایم پرتاپ کانگریس سے مستعفی

بہت جلد سیاسی مستقبل کا فیصلہ ، کانگریس سے گریٹر حیدرآباد کے قائدین کی دوری
حیدرآباد ۔ 18 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : گریٹر حیدرآباد سے کانگریس کے قائدین ایک ایک کر کے پارٹی چھوڑ رہے ہیں ۔ آج ضلع رنگاریڈی کانگریس کمیٹی کے سابق صدر مسٹر کے ایم پرتاپ کانگریس سے مستعفی ہوگئے ۔ آئندہ دو تین دن میں اپنے سیاسی مستقبل کے بارے میں فیصلہ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کو گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات کی تیاریاں کرنے سے زیادہ پارٹی میں قائدین کو سمجھانے منانے پر زیادہ وقت ضائع کرنا پڑرہا ہے ۔ صدر گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس کمیٹی مسٹر ڈی ناگیندر سے شروع ہوا یہ سلسلہ ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہا ہے ۔ پارٹی قیادت جب ڈی ناگیندر کو سمجھانے منانے میں مصروف تھی تو ٹی آر ایس نے کانگریس قائدین کی توجہ ہٹا کر کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل مسٹر ایم ایس پربھاکر کو کانگریس سے چرا کر ٹی آر ایس میں شامل کرلیا ۔ کانگریس کے قائدین صرف دیکھتے رہ گئے ۔ ضلع رنگاریڈی کی نمائندگی کرنے والے سابق ریاستی وزیر مسٹر جی پرساد کمار ٹی آر ایس میں شامل ہونے کا فیصلہ کرچکے ہیں ۔ کسی بھی وقت وہ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر سے ملاقات کرتے ہوئے ٹی آر ایس کا کھنڈوا اڑھ سکتے ہیں ۔ ضلع رنگاریڈی کانگریس کے صدر مسٹر کے ایم پرتاپ نے آج اپنی قیام گاہ پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس سے مستعفی ہونے کے فیصلے سے واقف کرایا ہے ۔ انہوں نے کانگریس پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی پرائیوٹ لمٹیڈ میں تبدیل ہوگئی ہے ۔ کانگریس ایک طرف عوامی اعتماد کھو رہی ہے ۔ دوسری طرف پارٹی میں لمبے عرصے تک خدمات انجام دینے والے قائدین کا کوئی احترام نہیں ہے ۔ پارٹی کیڈر میں نیا جوش و خروش بھرنے میں تلنگانہ کانگریس قیادت ناکام ہوگئی ہے ۔ پارٹی باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ ٹی آر ایس مسٹر کے ایم پرتاپ سے رابطے میں ہے اور بہت جلد وہ ٹی آر ایس میں شامل ہوں گے ۔ ان سے جب سیاسی مستقبل کے بارے میں پوچھا گیا تو کے ایم پرتاپ نے کہا کہ وہ آئندہ دو یا تین دن میں اپنے سیاسی مستقبل کا اعلان کریں گے ۔۔

TOPPOPULARRECENT