Friday , August 18 2017
Home / ہندوستان / سابق فوجیوں کے مطالبہ پر مرن برت 10 یوم کیلئے ملتوی

سابق فوجیوں کے مطالبہ پر مرن برت 10 یوم کیلئے ملتوی

نئی دہلی ۔ 18 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ایک عہدہ ۔ ایک وظیفہ کے تنازعہ پر احتجاجی سابق فوجیوں کے ساتھ افہام و تفہیم کی ایک کوشش کے طور پر وزیراعظم کے دفتر نے آج احتجاجیوں کے نمائندوں سے مذاکرات کئے جس پر سابق فوجیوں نے 10 یوم تک جاریہ احتجاج میں شدت نہ پیدا کرنے سے اتفاق کرلیا ہے۔ پی ایم او میں آج وزیراعظم کے پرنسپل سکریٹری نریپندا مصرا کے ساتھ یہ ملاقات ایسے وقت ہوئی جب تیسرے جنگی سورما یہاں جنترمنتر پر مرن برت میں شامل ہوگئے۔ یہاں پر سابق فوجی، ایک عہدہ ۔ ایک وظیفہ پر عمل آوری کے مطالبہ پر گذشتہ 65 دن سے احتجاجی دھرنا دے رہے ہیں۔ لیفٹننٹ جنرل بلبیر سنگھ (ریٹائرڈ) صدر انڈین ایکس سرویس مین مومنٹ نے بتایا کہ پرنسپل سکریٹری نریپندا مصرا نے ملاقات کے دوران عام حالات کی بحالی کا اصرار کیا اور مرن برت (غیرمعینہ بھوک ہڑتال) کے اعلان سے دستبرداری اختیار کرلی جائے، جس پر ہم نے کہا کہ ٹھوس تیقن دیا گیا تو بھوک ہڑتال روک دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ وزیردفاع منوہر پاریکر سے پہلے دور کی بات چیت کرلی گئی ہے جنہوں نے وزیراعظم سے تبادلہ خیال کیلئے 10 یوم کی مہلت طلب کی ہے جس کے پیش نظر مرن برت کو ملتوی کردیا گیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT