Monday , September 25 2017
Home / انتقال نام / سابق مرکزی وزیر اور ٹی ایم سی کے رکن پارلیمنٹ سلطان احمد کا انتقال

سابق مرکزی وزیر اور ٹی ایم سی کے رکن پارلیمنٹ سلطان احمد کا انتقال

کولکاتہ، 4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سابق مرکزی وزیر اور مغربی بنگال کے اولبیریا پارلیمانی حلقہ سے ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے موجودہ رکن پارلیمنٹ سلطان احمد کا آج دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوگیا۔وہ 64 سال کے تھے ۔منموہن سنگھ حکومت میں مسٹر سلطان احمد مرکزی وزیر مملکت تھے ۔ وسطی کولکاتہ کے ریپون اسٹریٹ میں واقع اپنی رہائش گاہ پر انہیں آج صبح دل کا دورہ پڑنے پر نزدیکی پرائیویٹ اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ا نہیں مردہ قرار دیا۔ ذرائع کے مطابق آج صبح اچانک دل کا دورہ پڑنے کے بعد انہیں کوئی علاج فراہم کئے جانے سے پہلے ہی ان کا انتقال ہوگیا۔فوری طورپر انہیں بیلے ویو اسپتال میں داخل کیا گیا لیکن ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ مسٹر سلطان احمد کی وفات پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلی ممتا بنرجی نے کہا کہ ” آل انڈیا ترنمول کانگریس کے موجود رکن پارلیمنٹ اور طویل عرصہ سے میرے رفیق کار مسٹر سلطان احمد کے اچانک انتقال سے میں بے حد رنجیدہ ہوں”۔ ان کے جسد خاکی کو فی الحال اسپتال میں ہی رکھا گیا ہے ، جہاں بڑی تعداد میں ان کے حامی، رفقاء کار اور سیاستدانوں نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ مسٹر سلطان احمد ترنمول کانگریس کے بانی اراکین میں سے ہونے کے ساتھ ہی پارٹی میں اقلیتوں کا نمائندہ چہرہ تھے ۔ 1997 میں ترنمول کانگریس کے وجود سے پہلے 1987 اور 1996 میں دوبارہ کانگریس کے ایم ایل اے منتخب ہوئے تھے ۔ فی الوقت وہ پندرہویں لوک سبھا کے لئے ترنمول کانگریس کے ٹکٹ پر ہاؤڑہ کے اولبیریا حلقہ سے منتخب ہوئے تھے ۔

TOPPOPULARRECENT