سابق وزیراعظم آنجہانی اندرا گاندھی کو کانگریس کا خراج

   

نکلس روڈ اور گاندھی بھون میں تقاریب، ریونت ریڈی اور دیگر قائدین کی شرکت
حیدرآباد۔19۔نومبر (سیاست نیوز) سابق وزیراعظم آنجہانی اندرا گاندھی کی یوم پیدائش کے موقع پر پردیش کانگریس کمیٹی نے خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے نکلس روڈ پرواقع اندرا گاندھی کے مجسمہ پر پھول نچھاور کئے ۔ بعد میں گاندھی بھون میں اندرا گاندھی کے پورٹریٹ پر گلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ یوتھ کانگریس کے قائد انیل کمار یادو نے اندرا گاندھی کی تصاویر پر مشتمل تصویری نمائش کا اہتمام کیا تھا۔ اس موقع پر غریبوں میں بلانکٹس کی تقسیم عمل میں آئی۔ سابق صدر پردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ ، پونالہ لکشمیا ، سابق وزیر محمد علی شبیر ، سابق وزیر ایس چندر شیکھر ، نائب صدر پردیش کانگریس جی نرنجن ، ڈاکٹر ملو روی ، مہیلا کانگریس کی صدر سنیتا راؤ ، جنرل سکریٹری آل انڈیا یوتھ کانگریس انیل کمار یادو ، پردیش کانگریس کمیٹی میناریٹی ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین شیخ عبداللہ سہیل ، محمد فیروز خاں ، واجد حسین اور دیگر قائدین نے آنجہانی اندرا گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ مرکزی حکومت نے اندرا گاندھی کی جینتی کے موقع پر سیاہ زرعی قوانین سے دستبرداری اختیار کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کسانوں اور کانگریس پارٹی کی کامیابی ہے جو گزشتہ 13 ماہ سے ملک بھر میں زرعی قوانین کے خلاف جدوجہد کر رہے تھے۔ انہوں نے کسانوں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ غریبوں کی بھلائی کیلئے آنجہانی اندرا گاندھی کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ اندرا گاندھی نے بینکوں کو قومیاتے ہوئے غریبوںکو قرض کی فراہمی کی راہ ہموار کی۔ غریبی کے خاتمہ کیلئے اندرا گاندھی غریبی ہٹاؤ کا نعرہ دیا تھا ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ اندرا گاندھی کے بعد راجیو گاندھی نے بھی ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے غریبوں اور کمزور طبقات کے حق میں کام کیا۔ دونوں سابق وزرائے اعظم نے ملک کے اتحاد و یکجہتی کے لئے اپنی جان کی قربانی دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی سونیا گاندھی کی قیادت میں ملک میں فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف جدوجہد کر رہی ہے۔ ملک میں مودی حکومت کے فیصلوں کے نتیجہ میں عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ مرکز میں مودی اور تلنگانہ میں کے سی آر حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی ۔ ر