Thursday , August 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / سابق کرکٹرز کا وقار یونس کو ہٹانے کا مطالبہ

سابق کرکٹرز کا وقار یونس کو ہٹانے کا مطالبہ

کراچی ، 19 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق کپتان اور عظیم بیٹسمن جاوید میاںداد اور سابق فاسٹ بولر سرفراز نواز نے پاکستانی ٹیم کی انگلینڈ کے خلاف دو میچوں میں مسلسل شکست پر افسردگی کا اظہار کرتے ہوئے ہیڈ کوچ وقار یونس کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کردیا۔ جاوید نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ ٹیم مبینہ طور پر ہیڈ کوچ وقار یونس کی پسند اور ناپسند کو مدنظر رکھتے ہوئے منتخب کی گئی ، اس لئے وہ اس شکست کے ذمہ دار ہیں۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ اوپننگ بیٹسمن احمد شہزاد بھی ہیڈ کوچ کا نشانہ بنے ہیں جیسا کہ ان کے کوچ اور ٹیم انتظامیہ کے ساتھ کچھ مسائل ہیں۔ انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان کے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ریمارک میں پاکستان کی ہار پر شکوک وشبہات کے اظہار پر جاوید نے کہا کہ ’’میں اس پر کچھ نہیں کہنا چاہتا لیکن اس وقت ٹیم کیلئے نیا کوچ لانا چاہئے‘‘۔سابق فاسٹ بولر سرفراز نواز نے وقار یونس کے ساتھ ساتھ ونڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی کو بھی ہار کا ذمہ دار
ٹھہرایا۔ مائیکل وان کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے سرفراز نے کہا کہ 2010 ء میں جب تین پاکستانی کھلاڑیوں محمد عامر، محمد آصف اور سلمان بٹ اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہوئے تھے تو اس وقت بھی وقار پاکستانی ٹیم کے کوچ تھے۔ ’’میں سمجھتا ہوں کہ وقاریونس کو ہٹادینا چاہئے اور ان کی جگہ نیا کوچ لایا جائے‘‘۔  سرفراز نے کہا کہ مائیکل وان کے بیان پر اظہر علی سے بھی پوچھنا چاہئے اور ترجیحی بنیادوں پر ایک انکوائری رپورٹ بھی ترتیب دی جانی چاہئے۔ سابق اسٹارز وسیم باری اور عامر سہیل نے بھی انگلینڈ کے خلاف ونڈے میچوں میں مسلسل شکست پر حیرانی کا اظہار کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT