Friday , September 22 2017
Home / Top Stories / سادھوی پرگیہ ٹھاکر سے راجناتھ سنگھ کی ملاقات

سادھوی پرگیہ ٹھاکر سے راجناتھ سنگھ کی ملاقات

کانگریس لیڈر ڈگ وجئے سنگھ نے ٹوئٹر پر تصویری ثبوت پیش کردیا

نئی دہلی 9 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) متنازعہ سادھوی پرگیہ ٹھاکر سے مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ کی ملاقات کا دعویٰ ثابت کرنے کے لئے کانگریس لیڈر ڈگ وجئے سنگھ نے آج ایک تصویر ٹوئٹر پر پیش کی ہے جس میں یہ دیکھا جاسکتا ہے کہ مالیگاؤں بم دھماکہ کیس کی ملزمہ کے ساتھ وزیرداخلہ اور چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیوراج چوہان بیٹھے ہوئے ہیں۔ کانگریس جنرل سکریٹری نے سلسلہ وار ٹوئٹرس میں کہاکہ کیا تم پہچان سکتے ہوکہ پرگیہ ٹھاکر کے ساتھ بیٹھے ہوئے بی جے پی کے دونوں قائدین کون ہیں؟ کیا راجناتھ جی اور شیواراج پاٹل جی اپنا ردعمل تو ظاہر کرسکتے ہیں۔ تاہم ڈگ وجئے سنگھ کی پیشکردہ تصویر یہ واضح نہیں ہے یہ کب اُتاری گئی تھی۔ قبل ازیں بی جے پی نے کانگریس لیڈر کے اس دعوے کو بے بنیاد قرار دیا تھا اور بتایا کہ سال 2008 ء میں راجناتھ سنگھ نے پرگیہ ٹھاکر سے اُس وقت ملاقات کی تھی جب بی جے پی اپوزیشن میں تھی۔ اگرچیکہ ڈگ وجئے سنگھ نے سابق میں بھی اس طرح کے دعوے کئے ہیں لیکن راجناتھ سنگھ نے الزامات کی تردید کی ہے۔ تاہم یہ تنازعہ اُس وقت تازہ ہوگیا جب بی جے پی نے سال 2012 ء کے ایک ویڈیو کی بنیاد پر اُنھیں نشانہ بنانے کی کوشش کی جس میں کانگریس لیڈر نے اسلامی مبلغ ڈاکٹر ذاکر نائیک کی ستائش کی گئی ہے جبکہ ڈھاکہ میں حالیہ دہشت گردانہ حملوں میں ملوث نوجوان ڈاکٹر ذاکر نائک کی اشتعال انگیز تقاریر سے متاثر ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے اور اس اطلاع پر حکومت نے متنازعہ اسکالر کے خلاف تحقیقات شروع کردی ہے۔
اس ویڈیو تنازعہ کا جواب دیتے ہوئے ڈگ وجئے سنگھ نے آج یہ ٹوئیٹ کیا ہے کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک سے ملاقات کے 4 سال قدیم مسئلہ کو دوبارہ چھیڑا گیا ہے۔ لیکن اُس وقت قومی میڈیا نے ان کے خلاف کوئی کیس نہیں چلایا اور اب منظم انداز میں مخالف مہم چلائی جارہی ہے جوکہ منافقت کا مظہر ہے۔ انھوں نے سلسلہ وار ٹوئیٹس میں کہاکہ میڈیا سے وابستہ مودی کے بھکتوں اور سنگھی عناصر مجھے رسوا کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن مفت میں تشہیر کرنے پر میں اُن کا شکر گذار ہوں۔ انھوں نے طنزیہ انداز میں کہاکہ اگر میرے خلاف مزید کیس ہیں تو میڈیا کی ٹیمیں تلاش کرسکتی ہیں۔ واضح رہے کہ بی جے پی کا یہ استدلال ہے کہ ڈاکٹر ذاکر نائک کی اشتعال انگیز تقاریر سے قومی سلامتی کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ علاوہ ازیں ڈگ وجئے سنگھ نے پاکستان میں آر ایس ایس نواز جرنلسٹ وید پرتاپ ویدک کی جے ڈی یو کے سربراہ حافظ سعید سے ملاقات کی تصویر پوسٹ کرکے ایک پرانا مسئلہ چھیڑ دیا ہے۔ انھوں نے یہ سوال کیاکہ میڈیا اور مودی کے بھکت ان کی شناخت کرسکیں گے؟ یہ ہیں حافظ سعید اور وید پرتاپ ویدک۔ گوکہ ہم نے یہ مسئلہ پارلیمنٹ میں اٹھایا تھا لیکن مودی حکومت نے معنی خیز خاموشی اختیار کرلی۔ حتیٰ کہ میڈیا میں سنگھی عناصر کو سانپ سونگھ گیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT