Tuesday , October 17 2017
Home / ہندوستان / سارک وزارتی اجلاس ‘ہندوستانی شرکت کی سطح کا فیصلہ نہیںہوا

سارک وزارتی اجلاس ‘ہندوستانی شرکت کی سطح کا فیصلہ نہیںہوا

ارون جیٹلی کے شرکت سے گریز کے اشارے ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان کا بیان
نئی دہلی 18 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت نے آج کہا کہ اس نے جاریہ ماہ کے اواخر میں اسلام آباد میں ہونے والی سارک وزرائے فینانس کی کانفرنس میں ہندوستان کی شرکت کی سطح کے تعلق سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے ۔ یہ اشارے مل رہے ہیں کہ وزیر فینانس ارون جیٹلی اس کانفرنس میں شرکت نہیں کرینگے کیونکہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوگئی ہے ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک سارک وزرائے فینانس کی کانفرنس میں ہندوستان کی شرکت کی سطح کے تعلق سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے ۔ یہ کانفرنس 25-26 اگسٹ کو اسلام آباد میں ہونے والی ہے ۔ جاریہ ہفتے کے اوائل میں سرکاری ذرائع نے کہا تھا کہ جیٹلی سیاسی وجوہات کی بنا پر شائد اسلام آباد کا درہ نہیں کرینگے ۔ ذرائع نے کہا کہ گذشتہ مرتبہ جو کچھ ہوا تھا اور اب جو ہو رہا ہے وہ سب کچھ آپ جانتے ہیں۔ ان کا اشارہ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے دورہ اسلام آباد کے تعلق سے تھا جو جاریہ ماہ کے اوائل میں سارک وزارتی اجلاس میںشرکت کیلئے وہاں گئے تھے ۔ راج ناتھ سنگھ اور پاکستانی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے ایک دوسرے کے خلاف ریمارکس کئے تھے اور انہوں نے محض رسمی مصافحہ پر اکتفا کیا تھا ۔ پاکستانی حکام نے ہندوستانی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بھی اس کانفرنس کے مقام پر داخلہ دینے سے انکار کردیا تھا ۔ راج ناتھ سنگھ نے بعد ازاں پارلیمنٹ میں بتایا تھا کہ وزیر داخلہ پاکستان نے کانفرنس کے فوری بعد تمام وزرائے داخلہ کو ظہرانہ کیلئے مدعو کیا تھا لیکن فوری بعد وہ وہاں سے کار میں روانہ ہوگئے تھے ۔ انہوں نے کہا تھا کہ ملک کے وقار کو ذہن میں رکھتے ہوئے انہوں نے وہی کیا جو انہیں کرنا چاہئے تھا ۔ انہوں نے ظہرانہ میں شرکت نہیں کی تھی ۔ انہیں ان واقعات کی کوئی شکایت بھی نہیں ہے کیونکہ وہ وہاں ظہرانہ کیلئے نہیں کئے گئے تھے ۔ ہندوستان نے حال ہی میں پاکستان کی معتمدین خارجہ سطح کی بات چیت کی دعوت کو مسترد کردیا تھا ۔ ہندوستان کا کہنا ہے کہ اب پاکستان کے ساتھ واحد حل طلب مسئلہ صرف مقبوضہ کشمیر کو آزاد کروانے کا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT