Friday , September 22 2017
Home / شہر کی خبریں / سال نو جشن کے سلسلہ میں پولیس کی رہنمایانہ ہدایات

سال نو جشن کے سلسلہ میں پولیس کی رہنمایانہ ہدایات

حیدرآباد ۔ 29 ڈسمبر (سیاست نیوز) سال نو تقاریب کے سلسلہ میں سائبرآباد پولیس کی جانب سے سخت صیانتی انتظامات کئے جارہے ہیں اور پولیس نے تقاریب کا انعقاد کرنے والے اداروں اور آرگنائزر کو رہنمایانہ خطوط جاری کردیئے ہیں اور ان کی خلاف ورزی کے خلاف سخت گیر اقدامات کا کمشنر پولیس نے انتباہ دیا ہے۔ آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر سی وی آنند نے بتایا کہ پولیس سال نو تقاریب اور جشن پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسٹار ہوٹلس، ریسارٹس، پبس، فارم ہاوز اور دیگر مقامات پر تحدیدات عائد کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ رات 8 بجے تا شب ایک بجے جشن کا وقت مقرر کیا گیا ہے اور اس کے بعد کسی بھی قسم کے جشن پارٹی اور تقریب کی اجازت نہیں رہے گی۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ احکامات کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ڈی جے کے استعمال کیلئے پولیس سے اجازت درکار ہوگی اور اسٹیشن ہاؤز آفیسر کی جانچ کے بعد اجازت دی جائے گی۔ اس کے علاوہ عریاں رقص، ریو پارٹی ، عیاشی اور لڑکیوں کے استحصال پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ پارٹی و جشن میں شراب کے استعمال کیلئے محکمہ آبکاری سے اجازت حاصل کرنی ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ تمام آرگنائزرس کو باور کیا جاچکا ہیکہ وہ پارٹی و جشن ویڈیو گرافی انجام دے اور آتش بازی اور اسلحہ سے داخلہ پر امتناع عائد کیا گیا ہے۔ خواتین کی آزادی اور تحفظ کیلئے خصوصی انتظامات کرنے ہوں گے اور خواتین سے استحصال یا مظالم کو سائبرآباد پولیس کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کرے گی اور اس رات نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت اقدامات کئے جائیں گے اور تمام فلائی اوورس کو بند کردیا جائے گا۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ سال نو کے جشن اور پرامن ماحول فراہم کرنے کیلئے پولیس سائبرآباد تیار ہے۔

TOPPOPULARRECENT