Friday , September 22 2017
Home / Top Stories / سانگلی میں کمسن لڑکی کی عصمت ریزی اور قتل

سانگلی میں کمسن لڑکی کی عصمت ریزی اور قتل

واقعہ کو فرقہ وارانہ رنگ دینے پر کشیدگی
ممبئی 7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مغربی مہاراشٹرا میں ضلع سانگلی کے موضع بھیلواڑی میں نامعلوم افراد نے ایک 14 سالہ لڑکی کی عصمت ریزی کے بعد قتل کردیا۔ پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ5  جنوری کی شب اُس وقت منظر عام پر آیا جب لڑکی کی نعش موضع ملاولی میں ایک سڑک کنارے دستیاب ہوئی۔ سرکاری ہاسپٹل میں پوسٹ مارٹم کرانے پر پتہ چلا کہ لڑکی کی عصمت ریزی اور قتل کردیا گیا ہے۔ بھیلواڑی پولیس اسٹیشن میں نامعلوم افراد کے خلاف ایک کیس درج کرلیا گیا۔ جبکہ متوفیہ کے مکان کے قریب مقیم بعض مشتبہ افراد سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔ دریں اثناء ملاولی گاؤں میں آج صبح اُس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب مقامی لوگوں نے ملزمین کی گرفتاری کے مطالبہ پر بھیلواڑی پولیس اسٹیشن کے روبرو احتجاجی مظاہرہ کیا اور اس واقعہ کے خلاف دیہاتیوں نے علامتی بند بھی منایا۔ پولیس نے امن و قانون کی برقراری کیلئے اضافی جمعیت طلب کرلی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ واقعہ منظر عام پر آتے ہی بعض افراد نے سماجی میڈیا پر یہ پیام پھیلادیا کہ ملزمین کا تعلق ایک مخصوص فرقہ اور مذہب سے ہے۔ تاہم پولیس نے عوام سے اپیل کی کہ اس طرح کی بے بنیاد اور اشتعال انگیز پوسٹ پر یقین نہ کریں۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ سانگلی دتہ شنڈے نے بتایا کہ چونکہ ہم نے اب تک کسی کو گرفتار نہیں کیا ہے کوئی بھی سوشیل میڈیا پر غلط اطلاعات کیسے پھیلا سکتا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ملزمین کی نشاندہی کے لئے ثبوت اکٹھا کئے جارہے ہیں اور بہت جلد کیس کا معمہ حل کرلیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT