Saturday , September 23 2017
Home / ہندوستان / سبرامنیم سوامی کے خلاف ہتک عزت کے مقدمات پر مدراس ہائیکورٹ کا حکم التواء

سبرامنیم سوامی کے خلاف ہتک عزت کے مقدمات پر مدراس ہائیکورٹ کا حکم التواء

چینائی 27 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مدراس ہائی کورٹ نے آج بی جے پی لیڈر سبرامنیم سوامی کے خلاف تمام 6 ہتک عزت کے مقدمات کی کارروائی پر حکم التواء جاری کردیا ہے جوکہ چیف منسٹر جیہ للیتا کے خلاف نازیبا ریمارکس پر حکومت تاملناڈو نے دائر کئے ہیں۔ جسٹس پی این پرکاش نے اُس وقت عبوری احکامات جاری کئے جب سبرامنیم سوامی نے ایک عرضی داخل کرتے ہوئے معرض التواء ہتک عزت کے مقدمات کالعدم قرار دینے کی گذارش کی جس کی سماعت آج ایک ٹرائبل کورٹ میں ہونے والی تھی۔ اس موقع پر عدالت میں سوامی موجود تھے۔ جبکہ عدالت نے ٹرائبل کورٹ میں مقدمات کی سماعت کے وقت سبرامنیم سوامی کو حاضری سے استثنیٰ دے دیا ہے۔ سٹی پبلک پراسکیوٹر ایم ایل جگن نے چیف منسٹر جیہ للیتا کی جانب سے سوامی کے نازیبا ریمارکس کے خلاف یہ مقدمات دائر کئے ہیں اور یہ گذارش کی ہے کہ ٹرائبل کورٹ میں سماعت کے موقع پر سوامی کی حاضری کو یقینی بنایا جائے۔ ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سوامی نے مذکورہ احکامات کا خیرمقدم کیا ہے۔

 

پولیس نے اسلحہ کے ڈیلر کو گولی مارکر زخمی کردیا
بنگالورو۔ 27جولائی (سیاست ڈاٹ کام) علی گڑھ سے تعلق رکھنے والے اسلحہ کے ایک ڈیلر کوبنگالورو میں پولیس نے گولی مارکر اس وقت زخمی کردیا جب وہ گذشتہ روز فائرنگ کے بعد فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ 33سالہ عامر حسین نے آوٹر رنگ روڈ پر اس کا پیچھا کرنے والے پولیس ملازمین پر فائرکیا جنہوں نے خود سپرد ہونے کی اس سے خواہش کی تھی۔ ایچ اے ایل پولیس انسپکٹر جو غیر قانونی اسلحہ کے ڈیلر کا پیچھا کررہے تھے نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اس کے بائیں پیر میں گولی مارکر اسے زخمی کردیا۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے دیسی ساختہ پستول کی 13گولیاں برآمد کیں۔

TOPPOPULARRECENT