Wednesday , August 23 2017
Home / ہندوستان / سبرامنین سوامی کے کسی دستاویز کو منظوری نہیں دی گئی : کورین

سبرامنین سوامی کے کسی دستاویز کو منظوری نہیں دی گئی : کورین

نئی دہلی 9 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) آگسٹا ویسٹ لینڈ ہیلی کاپٹر معاملت پر سبرامنین سوامی اور کانگریس ارکان کے مابین جاری مباحث کے دوران نائب صدر نشین راجیہ سبھا پی جے کورین نے آج کہا کہ کرسی صدارت نے سوامی کے داخل کردہ کسی بھی دستاویز کو درست قرار نہیں دیا ہے اور نہ ہی اسے منظوری دی گئی ہے ۔ سوامی نے اس مسئلہ پر اپنے بیان کی تائید میں یہ دستاویزات پیش کئے ہیں۔ کورین نے یہ رولنگ اس وقت دی جب کانگریس کے رکن جئے رام رمیش نے یہ مسئلہ اٹھایا اور کہا کہ سوامی نے اپنے ٹوئیٹر پر یہ ادعا کیا ہے کہ راجیہ سبھا نے ان کے پیش کردہ دستاویزات کو اصل تسلیم کرلیا ہے اور انہیں منظوری دیدی گئی ہے ۔ پی جے کورین نے اس موقع پر کہا کہ کسی نے بھی ان دستاویزات کو اصل تسلیم نہیں کیا ہے ۔ نہ صدر نشین ( حامد انصاری ) نے ایسا کیا ہے اور نہ انہوں نے خود ایسا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دستاویزات کی اصلیت کی توثیق کرنا متعلقہ فرد کا کام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کرنے کی کرسی صدارت کی کوئی ذمہ داری نہیں ہے اور نہ ہی کرسی صدارت نے کسی دستاویزت کی توثیق کا کام انجام دیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT