Wednesday , September 20 2017
Home / جرائم و حادثات / سب انسپکٹر کی خود کشی ، ڈی ایس پی ، دیگر سات اہلکار کا تبادلہ

سب انسپکٹر کی خود کشی ، ڈی ایس پی ، دیگر سات اہلکار کا تبادلہ

حیدرآباد ۔ 20 ۔ اگست : ( این ایس ایس ) : ککنورو کے سب انسپکٹر راما کرشنا ریڈی کی خود کشی کے واقعہ کے ضمن میں اعلیٰ پولیس عہدیداروں نے بشمول سدی پیٹ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس سریدھر گوڑ تقریبا سات پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی ہے ۔ تلنگانہ کے ڈی جی پی انوراگ شرما نے آج اس سلسلہ میں احکام جاری کئے ۔ جن کے مطابق ڈی ایس پی گوڑ کے علاوہ سرکل انسپکٹر رورل وینکٹیا اور سرکل انسپکٹر رامانجیولو کو ڈی جی پی آفس سے منسلک کردیا گیا ہے ۔ اسسٹنٹ سب انسپکٹر پرکاش ، ہیڈ کانسٹبلس ، متیم ، سامبانی ، کانسٹبلس یادوا ریڈی اور ناگی ریڈی کو میدک ایس پی آفس سے منسلک کیا گیا ہے ۔ اس دوران متوفی سب انسپکٹر کے ارکان خاندان نے وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے ایک یادداشت پیش کی ۔ راما کرشنا ریڈی کی بیوہ دھنا لکشمی نے اپنے شوہر کی موت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ دھنا لکشمی نے الزام عائد کیا کہ ڈی ایس پی اور سرکل انسپکٹرس ، ’ معمول ‘ کے لیے ان کے شوہر کو ہراساں کیا کرتے تھے۔ ان عہدیداروں نے وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ گجویل کے انتظامات کے اخراجات برداشت کرنے کیلئے بھی راما کرشنا ریڈی پر دباؤ ڈالا تھا ۔

TOPPOPULARRECENT