Saturday , August 19 2017
Home / ہندوستان / سب سے بڑے اتحاد کو تشکیل حکومت کی دعوت

سب سے بڑے اتحاد کو تشکیل حکومت کی دعوت

گورنر کا درست اقدام :مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی
نئی دہلی ۔13 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )گوا اور منی پور میں حکومتیں تشکیل دینے کیلئے بی جے پی کے ادعاء کے بعد مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے آج کہا کہ گورنر کا اقدام دستوری اعتبار سے بالکل درست ہے ، کیونکہ معلق اسمبلی کی صورت میں وہ سب سے بڑے اتحاد کے قائد کو تشکیل حکومت کی دعوت دینے کے پابند ہیں۔ انھیں اپنی اکثریت ثابت کرنے کیلئے مختصر مہلت دی جاسکتی ہے ۔ منی پور میں کانگریس نے 28 اور بی جے پی نے 21 نشستیں حاصل کی ہیں ۔ گورنر گوا مردولا سنہا نے منوہر پاریکر کو آئندہ حکومت تشکیل دینے کی دعوت دی ہے ۔ جنھوں نے 21 ارکان اسمبلی کے تائیدی مکتوب کل گورنرکو پیش کئے تھے ۔ دریں اثناء کانگریس نے گورنر کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل کردی ہے ، جس کی عاجلانہ سماعت سے چیف جسٹس نے اتفاق کرلیا ہے اور ہولی کی تعطیلات کے دوران خصوصی بنچ کو اس مقدمہ کی سماعت کی ہدایت دی ہے ۔ ذرائع کے بموجب منوہر پاریکر کو وزیر دفاع کے عہدہ سے مستعفی ہوجانے کے بعد جیٹلی کو دفاع کا اضافی چارج دیا گیا ہے ۔ وہ کل اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کریں گے ۔مئی 2014 ء سے نومبر 2014 ء تک بھی وہ اس وزارت کے انچارج رہ چکے ہیں ، جس کے بعد منوہر پاریکر نے اس کا جائزہ حاصل کیا تھا ۔

TOPPOPULARRECENT