Tuesday , September 19 2017
Home / سیاسیات / ستمبر میں آر ایس ایس ۔ بی جے پی رابطہ اجلاس

ستمبر میں آر ایس ایس ۔ بی جے پی رابطہ اجلاس

سنگھ کی تنظیموں کو برسرعام حکومت پر تنقید سے روکنا مقصد
نئی دہلی۔ 27 اگست (سیاست ڈاٹ کام) برسراقتدار بی جے پی اور اس کی سرپرست تنظیم آر ایس ایس کا ایک اجلاس ستمبر کے پہلے ہفتہ میں منعقد کیا جائے گا تاکہ حکومت کی کارکردگی سے متعلق مسائل پر ہم آہنگی پیدا کی جاسکے اور مرکز کے پروگراموں پر حقیقی اثر ڈالا جاسکے۔ بی جے پی اور آر ایس ایس کے رابطہ اجلاس کا مقصد حکومت کی جانب سے آر ایس ایس کو تمام معلومات فراہم کرنا ہے تاکہ مرکز کے پروگراموں اور اسکیموں کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔ ذرائع کے بموجب بی جے پی اور آر ایس ایس قائدین ستمبر کے پہلے ہفتہ میں تین روز تک اجلاس منعقد کریں گے تاکہ حکومت کے محدود کارناموں کے علاوہ کوتاہیوں کا بھی جائزہ لیا جاسکے۔ اس اجلاس کا نام ’’سمان وایا‘‘ تجویز کیا گیا ہے۔ یہ رابطہ اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیا جاتا رہے گا تاکہ تازہ ترین طریقہ کار اور زیراستعمال پلیٹ فارم کے بارے میں کارکنوں اور آرایس ایس سے ملحق تنظیموں سے معلومات حاصل کی جاسکے جو مختلف شعبوں جیسے تعلیمات، زراعت، صحت، معیشت، قبائیلی اُمور وغیرہ میں سرگرم ہیں۔ ذرائع کے بموجب اجلاس کا انعقاد اس بات کو یقینی بنائے گا کہ سنگھ سے الحاق رکھنے والی تنظیمیں اپنے اندیشوں اور شکایتوں کا جو انہیں حکومت سے ہوگی، برسرعام نہ کریں بلکہ ایسے معاملات پر پارٹی اور تنظیم کے فورموں کے اجلاسوں میں تبادلہ خیال کریں۔ تین روزہ رابطہ اجلاس نمایاں طور پر بہار انتخابات سے قبل اختیار کی جانے والی حکمت عملی پر بھی غور کرے گا۔ آر ایس ایس سے ملحق چند تنظیموں نے کھل کر حکومت کے اراضی آرڈیننس کے خلاف اظہار خیال کیا تھا۔ جس کی وجہ سے حکومت کو پسپائی اختیار کرنی پڑی تھی۔ مجوزہ اجلاس میں آر ایس ایس کے اعلیٰ سطحی قائدین اور مرکزی وزراء شرکت کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT