Tuesday , May 30 2017
Home / Top Stories / سجادہ نشین درگاہ حضرت نظام الدین اولیاءؒ کی آج واپسی : سشما

سجادہ نشین درگاہ حضرت نظام الدین اولیاءؒ کی آج واپسی : سشما

نئی دہلی۔ 19 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا ہے کہ دہلی کی درگاہ حضرت نظام الدین اولیاءؒ کے سجادہ نشین و متولی کے بشمول دو ہندوستانی علمائے دین جو پاکستان میں لاپتہ ہوگئے تھے، بحفاظت ہیں اور کل اپنے شہر واپس ہوجائیں گے۔ سشما سوراج نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’’کراچی میں موجود سید ناظم علی نظامی سے میں بات چیت کی ہوں۔ انہوں نے مجھ سے کہا کہ وہ محفوظ ہیں اور کل دہلی واپس ہوں گے‘‘۔ درگاہ حضرت نظام الدین اولیاء ؒکے سجادہ نشین 80 سالہ مولانا سید آصف نظامی اور ان کے بھتیجے ناظم علی نظامی 8 مارچ کو لاہور روانہ ہوئے تھے اور 20 مارچ کو ان کی ہند واپسی مقرر تھی۔ مولانا آصف کے دورۂ پاکستان کا بنیادی مقصد کراچی میں اُن کی ہمشیرہ سے ملاقات کرنا تھا۔ پاکستان نے گزشتہ روز کہا تھا کہ دونوں ہندوستانی علماء کا پتہ چلا لیا گیا ہے، وہ کراچی پہونچ چکے ہیں۔ سشما سوراج نے پاکستانی وزیراعظم کے مشیر برائے اُمور خارجہ سرتاج عزیز سے بات چیت کرتے ہوئے ان دونوں لاپتہ علماء کا پتہ چلانے کی خواہش کی تھی۔ پاکستانی میڈیا کے مطابق یہ دونوں سندھ میں دور دراز کے اندرونی علاقہ میں تھے جہاں مواصلاتی رابطہ نہ ہونے کے سبب وہ رشتہ داروں کو اپنا اتہ پتہ نہیں بتا سکے تھے۔ قبل ازیں پاکستانی ذرائع نے کہا تھا کہ ان دونوں علماء کو متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیو ایم) سے ان کے مبینہ روابط پر پاکستانی انٹلیجنس نے تحویل میں لے لیا ہے۔ مولانا آصف اور ناظم نظامی کو 14 مارچ کو لاہور کے علامہ اقبالؔ پر کراچی جانے والے طیارے سے اُتار لیا گیا تھا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT