Tuesday , September 19 2017
Home / اضلاع کی خبریں / سدی پیٹ، گنگا جمنی تہذیب کا رول ماڈل

سدی پیٹ، گنگا جمنی تہذیب کا رول ماڈل

قومی یکجہتی پروگرام سے ریاستی وزیر ہریش راؤ، ایم ایل سی فاروق حسین کا خطاب

سدی پیٹ /18 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) خادمان ملت ویلفیر اسوسی ایشن سدی پیٹ کے زیر اہتمام بعنوان ’’قومی یکجہتی، بزبان تلگو‘‘ تقریب شکتی گارڈن میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت بابا شرف الدین مسعود صدر خادمان ملت ویلفیر اسوسی ایشن نے کی، جب کہ کاروائی محمد اعجاز احمد پرنسپل سبودیا ہائی اسکول نے چلائی۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے ریاستی وزیر بڑی آبپاشی ٹی ہریش راؤ اور ایم ایل سی فاروق حسین نے شرکت کی۔ ان کے علاوہ صدر تنظیم المساجد محمد غوث محی الدین، غفار پٹیل، ایم اے سلیم، حج سوسائٹی کے صدر ایم اے علیم سرور، ملت اسلامیہ سوسائٹی کے اعزازی صدر ایم اے لطیف اور صدر عبد القادر نے شرکت کی۔ اس موقع پر ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ نے خطاب کرتے ہوئے شہر سدی پیٹ کو تلنگانہ کی گنگا جمنی تہذیب کا رول ماڈل قرار دیا، جہاں ہندو مسلم، سکھ عیسائی آپس میں ایک دوسرے کے تہوار کے موقع پر قومی یکجہتی کا مظاہرہ اور ایک دوسرے کے مذاہب کا احترام کرتے ہوئے تہواروں میں شریک ہوتے ہیں۔ ایم ایل سی فاروق حسین نے آج کے پرآشوب دور میں قومی یکجہتی کے عنوان پر منعقدہ تقریب کی ستائش کی۔ قبل ازیں صدر بابا شرف الدین مسعود نے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ خادمان ملت ویلفیر اسوسی ایشن قائم کرنے کا مقصد بلالحاظ مذہب و ملت ’’خدمت خلق‘‘ کرنا اور لوگوں کے دکھ درد، خوشیوں میں شرکت اور لوگوں کی تکالیف دور کرنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ خدمت خلق اللہ تعالی کے نزدیک بہت ہی پسندیدہ عمل ہے، انھوں نے اسوسی ایشن کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ بعد ازاں صدر ملت اسلامیہ سوسائٹی جناب عبد القادر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر دور میں خدمت خلق کی بہت اہمیت رہی ہے۔ صدر تنظیم المساجد غوث محی الدین نے کہا کہ شہر سدی پیٹ امن و شانتی کا گہوارہ اور قومی یکجہتی کا آئینہ دار ہے۔ قبل ازیں ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ اور ایم ایل سی فاروق حسین نے حج ہاؤز کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔ حج سوسائٹی کے صدر ایم اے علیم سرور نے کہا کہ حج ہاؤسَ کے لئے ہماری جدوجہد نے آج ہمیں کامیابی سے ہمکنار کیا۔ اس موع پر وزیر موصوف نے کہا کہ حج ہاؤس کی تعمیر کے لئے 50 لاکھ روپئے ایم ایل سی ایم اے سلیم (حیدرآباد) نے منظور کیا ہے، جب کہ مزید 50 لاکھ روپئے دینے کا وعدہ بھی کیا ہے۔ تنظیم المساجد کی زیر نگرانی ’’سٹ ون‘‘ کی برانچ (ریڈنگ روم) کا افتتاح ہریش راؤ اور فاروق حسین کے ہاتھوں عمل میں آیا، جس میں لڑکے اور لڑکیوں کو فنی کورسیس کی مفت تربیت دی جائے گی۔ خادمان ملت ویلفیر اسوسی ایشن کی جانب سے تمام مذاہب کے سرکردہ سیاسی، سماجی اور رضاکارانہ تنظیموں اور معزز شہریوں کی خدمات کے اعتراف میں شال پوشی اور مومنٹوز کی پیشکشی ہریش راؤ اور فاروق حسین کے ہاتھوں عمل میں آئی۔ خادمان ملت کے معاون صدر حبیب الدین نے تقریب کی نگرانی کی، جب کہ ایم اے صبور، کمال الدین اور ظہیر الدین نے تقریب کے انتظامات کئے۔ اس موقع پر مسرز یوسف الدین، علیم الدین سجو، عبد الواجد، علی کے علاوہ تنظیم کے ارکان شوریٰ بھی موجود تھے۔ آخر میں جنرل سکریٹری خادمان ملت قاضی ظہیرالدین نے شکریہ ادا کیا۔

TOPPOPULARRECENT