Thursday , August 24 2017
Home / شہر کی خبریں / سدی پیٹ میں دلت کے ساتھ امتیازی سلوک

سدی پیٹ میں دلت کے ساتھ امتیازی سلوک

مندر کے یاتریوں کی بس سے دلت کو اتار کر رسواء کیا گیا
حیدرآباد ۔ 20 اکٹوبر (سیاست نیوز) دلتوں سے امتیازی سلوک کے واقعات میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ شمالی ہند کی ریاستوں میں آئے دن ایسے واقعات پیش آتے ہیں۔ تاہم ایک تازہ ترین واقعہ میں جو سدی پیٹ ضلع میں پیش آیا۔ اس واقعہ سے دلتوں میں تشویش پیدا ہوگئی۔ ایک خانگی بس میں سفر سے دلت شخص کو روک دیا گیا جو عقیدتمندوں کو تروپتی مندر لے جارہی تھی۔ بس میں سفر سے روکنے کے علاوہ اس شخص کو رسواء کرتے ہوئے بس سے اتار دیا گیا۔ اس واقعہ کی اطلاع کے ساتھ ہی دلتوں میں تشویش پیدا ہوگئی۔ بتایا جاتا ہیکہ نوتشکیل شدہ ضلع سدی پیٹ کے گوگٹہ منڈل میں یہ واقعہ پیش آیا۔ ایک خانگی بس آپریٹر جو عقیدتمندوں کو تروپتی کی مندر لے جارہا تھا، بس جیسے ہی وینکٹ راؤ پیٹ کے علاقہ میں پہنچی اس بس میں تین افراد سوار ہوئے اور انہوں نے اس دلت شخص کی شناخت کرلی اور فوری طور پر بس آپریٹر وینو پر برہم ہوگئے اور اعتراض کرتے ہوئے اسے بس سے اتارنے کیلئے زور دیا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق جس وقت تک اس دلت ایس سی طبقہ سے وابستہ شخص کو بس سے رسواء کرتے ہوئے اتارا نہیں گیا بس کو آگے بڑھنے نہیں دیا گیا۔ اس واقعہ پر پولیس کا کہنا ہے پولیس نے وینو کی شکایت حاصل کرلی ہے اور تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ ملک میں دلتوں سے امتیازی سلوک اور رسواء کن واقعات سے ریاست تلنگانہ دورتھی تاہم ایسے واقعات بھی منظرعام پر آنے لگے ہیں۔ اس واقعہ پر ایک دلت قائد نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں دلت اور اقلیت ایک ساتھ امتیاز کا شکار ہے۔ کسی کو رسوائی تو کسی کو اذیت اور تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ ایسے حالات میں دونوں طبقات کو چاہئے کہ وہ ایک جٹ ہوکر حالات کا مقابلہ کریں جس سے ملک کے وقار میں بھی اضافہ ہوگا۔ جانوروں کی منتقلی اور بہتر تعلیمی مظاہرہ کے نام پر دلتوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے تو کبھی حقوق کے حصول کیلئے جدوجہد کرنے پر بھی دلت طبقہ امتیاز اور تشدد کا شکار ہے اور ایسے ہی حالات کا مسلمانوں کو سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ یہ وقت کا اہم تقاضہ ہیکہ مسلم دلت اتحاد ملکر فرقہ پرستوں کے ناپاک عزائم کو ناکام کرے اور ملک کے سیکولر کردار کو برقرار رکھنے میں اہم رول ادا کرے۔

TOPPOPULARRECENT