Friday , September 22 2017
Home / Top Stories / سدی پیٹ میں عوامی مسائل کا از خود جائزہ

سدی پیٹ میں عوامی مسائل کا از خود جائزہ

ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ کا موٹر سائیکل پر اچانک دورہ
حیدرآباد 9 جولائی ( سیاست نیوز ) ریاستی وزیر بھاری آبپاشی ٹی ہریش راؤ نے آج اپنے حلقہ انتخاب سدی پیٹ میں عوامی مسائل اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے موٹر سائیکل پر مصروف ترین دورہ کیا ۔ ہریش راؤ نے سدی پیٹ شہر کے اندرونی گلی کوچوں اور سڑکوں پر شجرکاری کے کاموں کا معائنہ کیا اور سڑکوں کی توسیع کے کاموں ‘ دونوں جانب فٹ پاتھ وغیرہ کی تعمیر کے کاموں کا بھی انہوں نے جائزہ لیا ۔ انہوں نے میرا شہر ایل ای ڈی ڈسپلے بورڈ کے سائز کو بڑھانے کیلئے کمشنر بلدیہ کو ہدایت دی ۔ ہریش راؤ کالی ٹی شرٹ پہنے موٹر سائیکل چلا رہے تھے اور ان کے ساتھ صدر نشین بلدیہ راجہ نرسو سوار تھے ۔ ہریش راؤ نے اس موقع پر صاف صفائی شجرکاری کے کاموں میں کوتاہی نہ کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ ہریش راؤ نے واضح کیا کہ حلقہ کے عوام کا اطمینان ہی ان کی اصل کارکردگی ہے اور وہ اپنے حلقہ سدی پیٹ کو تلنگاہ میں مثالی حلقہ بنانا چاہتے ہیں۔ ہریش راؤ اکثر و بیشتر اتوار کے دن اپنے حلقہ میں شہر اور دیہاتوں میں ترقیاتی کاموں کا خود مشاہدہ کرتے ہیں جبکہ اتوار کو دوسرے چھٹی مناتے ہیں۔ ہریش راؤ ان دنوں فلاحی کاموں میں شرکت رکھتے ہیں۔ کبھی وہ راستہ میں گاڑی سے اترکر پودوں کو خود پانی ڈالتے ہیں اور مرجھانے والے پودوں کو لکڑی کے سہارے کھڑا کرتے ہیں۔ ان کی کارکردگی سے سدی پیٹ میں ترقی ہو رہی ہے اور شہر خوبصورت نظر آ رہا ہے ۔ ان کے ہنگامی دورہ میں اراکین بلدیہ کے علاوہ محکمہ بلدیہ اور عمارات و شوارع کے عہدیدار و دیگر بھی موجود تھے ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT