Sunday , September 24 2017
Home / اضلاع کی خبریں / سدی پیٹ میں ہریش راؤ کے خلاف احتجاج

سدی پیٹ میں ہریش راؤ کے خلاف احتجاج

چیف منسٹر کے آبائی موضع میں ریاستی وزیر کو عوامی برہمی کا سامنا
سدی پیٹ۔/18اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یوم آزادی کے روز وزیر اعلیٰ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے وطن عزیز میں بھانجے مسٹر ٹی ہریش راؤ کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ تفصیلات کے بموجب ضلع میدک کے مستقر سنگاریڈی میں منعقدہ یوم آزادی تقریب میں ریاستی وزیر بڑی آبپاشی مارکٹنگ مسٹر ٹی ہریش راؤ نے شرکت کے بعد وزیر اعلیٰ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے ابائی وطن موضع چنتہ مڑکہ جو حلقہ اسمبلی سدی پیٹ میں واقع ہے جس کی نمائندگی ریاستی وزیر مسٹر ٹی ہریش راؤ کرتے ہیں چنتہ مڑکہ کی عوام کی جانب سے ایک گروپ ہریش راؤ گو بیاک کا احتجاج منظم کیا گیا۔ واضح رہے کہ یونائٹیڈ انڈیا انشورنس کمپنی نے موضع چنتہ مڑکہ کو ( گود لیا ) ۔ موضع کے ترقیاتی کاموں کی افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے وزیر موصوف 2بجے دوپہر چنتہ مڑکہ آنے والے تھے ان کی آمد کی اطلاع پر سابق سرپنچ ستیہ نارائن کی قیادت میں ایک گروپ نے سدی پیٹ و چنتہ مڑکہ کی شاہراہ ( روڈ ) پر پرانے ٹائرس و لکڑیاں بجھاکر احتجاج منظم کیا اور ا نکے خلاف ’ ہریش راؤ واپس جاؤ ‘ ڈاؤن ڈاؤن کے نعرے لگاتے ہوئے تقریباً تین گھنٹے احتجاج کو جاری رکھا۔ جونہی احتجاج کی خبر پولیس کو ملی پولیس فوراً حرکت میں آتے ہوئے ڈی ایس پی سدی پیٹ سریدھر نے Iٹاؤن، IIٹاؤن ، رورل سی ایز اور ایس ایز اور پولیس کی پوری جمعیت کو طلب کیا۔ احتجاجیوں کو احتجاج روکنے ترغیب دینے کے باوجود وہ احتجاج پراڑے رہے۔ پولیس کو گاؤں میں داخل ہونے سے روک دیا۔ حالات کو کشیدہ ہوتے ہوئے دیکھ کر ڈی ایس پی نے مزید پولیس کو طلب کیا۔ احتجاج جاری تھا۔ دریں اثناء رکن پارلیمنٹ میدک مسٹر کوتہ پربھاکر ریڈی موضع چنتہ مڑکہ میں منعقدہ تقریب میں شرکت کیلئے سدی پیٹ شے ہوتے ہوئے 4:30 بجے چنتہ مڑکہ روانہ ہوئے۔ احتجاجیوں نے انہیں نہیں روکا احتجاجی صرف مسٹر ٹی ہریش راؤ کو روکنا چاہتے تھے۔ احتجاج کی اطلاع وزیر موصوف کو ملنے پر وہ اپنا وقت اور راستہ بدل کر مستقر دوباک سے ہوتے ہوئے موضع چنتہ مڑکہ پہنچے۔ دوسرا گروپ ان کے حامیوں نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ ایک راستہ پر احتجاج دوسرے راستہ پر استقبال ۔ احتجاجیوں نے ہریش راؤ پر الزام عائد کیا کہ وزیر اعلیٰ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور ان کے فرزند ریاستی وزیر مسٹر کے ٹی راما راؤ اپنے آبائی موضع چنتہ مڑکہ کو منڈل کا درجہ دیتے ہوئے موضع کو مثالی منڈل بنانا چاہتے ہیں لیکن وزیر موصوف ہریش راؤ اس میں رکاوٹیں پیدا کررہے ہیں۔ ریاستی وزیر مسٹر ٹی ہریش راؤ نے جلسہ سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں چنتہ مڑکہ کی عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ اس موضع کو اپنے دل و جان سے بڑھ کر اس کی ترقی کی طرف کوشاں رہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ منڈل کا درجہ دینا ممکن نہیں ہے لیکن منڈل میں جو سہولیات درکار ہوتی ہیں ان کو اسی طرح پوری پوری سہولیات سے آراستہ کرنے کا تیقن دیا۔ وزیر موصوف بعد ازاں سیدھا سدی پیٹ کے لئے روانہ ہوئے۔ پولیس نے سخت بندوبست کیا تاکہ احتجاجی رکاوٹیں پیدا نہ کریں۔ وزیر موصوف نے سدی پیٹ میں مختلف پروگراموں میں شرکت کی۔

TOPPOPULARRECENT