Monday , September 25 2017
Home / شہر کی خبریں / سربراہی آب کی اسکیم ’ واٹر گرڈ ‘ کے کاموں میں تیزی پیدا کرنے کی ہدایت

سربراہی آب کی اسکیم ’ واٹر گرڈ ‘ کے کاموں میں تیزی پیدا کرنے کی ہدایت

آبپاشی پراجکٹس پر شکوک کے ازالہ پر زور ، چیف منسٹر کا اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔ 20 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : حکومت تلنگانہ کی جانب سے ہر گھر کو نل کے ذریعہ پینے کے پانی کی سربراہی اسکیم ’ واٹر گرڈ ‘ کے کاموں میں تیزی پیدا کرنے کی چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایات دی ہیں اور کہا کہ چیف منسٹر خود 24 نومبر کو ڈاکٹر ایم چناریڈی انسٹی ٹیوٹ برائے انسانی وسائل میں واٹر گرڈ پروگرام کی عمل آوری کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس طلب کئے ہیں ۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست میں آبپاشی پراجکٹس کے لیے ری ڈیزائن عمل تقریبا مکمل ہونے کے پیش نظر کاموں میں تیزی پیدا کرنے اور لیاڈر سروے رپورٹ بھی وصول ہونے کے پیش نظر ایکشن پلان مرتب کر کے آگے بڑھنے کی متعلقہ اعلیٰ عہدیداروں کو ہدایات دی ہیں ۔ انہوں نے آج منعقدہ ایک جائزہ اجلاس میں بتایا کہ آبپاشی پراجکٹس کے تعلق سے عوام میں پائے جانے والے مختلف شکوک و شبہات کو سب سے پہلے دور کرنے کی ضرورت ہے ۔ ان شکوک و شبہات کو دور کرنے کے لیے طریقہ کار میں تبدیلی لانے کی شدید ضرورت ہے اور ان طریقوں کو تبدیل کرنے کا حکومت نے بھی فیصلہ کیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ مسٹر چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت حکومت نے آبپاشی پراجکٹس کے لیے حصول اراضی طریقہ کار اختیار کرنے کی بجائے تلنگانہ میں آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر عمل میں لانے کے لیے قبل از وقت اراضی کی خریدی عمل میں لائی جائے گی اور ان پراجکٹس کی تعمیر کیلئے حکومت کی جانب سے ہر سال بجٹ میں 25 ہزار کروڑ روپئے مختص کئے جائیں گے ۔۔

TOPPOPULARRECENT