Monday , October 23 2017
Home / ہندوستان / سرجیکل حملوں کے ثبوت طلب کرنے والوں پر تنقید

سرجیکل حملوں کے ثبوت طلب کرنے والوں پر تنقید

پاکستانی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا جواب دیا جارہا ہے : پاریکر
احمدآباد ۔ 17 اکتوبر ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) وزیر دفاع منوہر پاریکر نے آج کہا کہ ہندوستانی فوج ، پاکستان کی جانب سے کی جانے والی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا منہ توڑ جواب دے رہی ہے ۔ انھوں نے لائن آف کنٹرول پر کئے گئے سرجیکل حملوں کا ثبوت طلب کرنے والوں کو بھی اپنی سخت تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انھوں نے کہا کہ ’’گزشتہ پانچ چھ سال جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں ہوتی رہی ہیں ۔ آپ اس کے اعداد دیکھ سکتے ہیں ۔ لیکن ایک یہ بات ہے جو اب تبدیل ہوئی ہے کہ ہم ان ( خلاف ورزیوں ) کا موثر جواب دے رہے ہیں ‘‘ ۔ انھوں نے کہاکہ سرجیکل حملوں نے ایک انتہائی موثر انداز میںقومی سلامتی کے بارے میں ہندوستانیوں کے مابین حساسیت کو بڑھایا ہے ۔ پاریکر نے کسی کا نام لئے بغیر کہا کہ ’’حملوں کے پہلے دن سے آج تک چند سیاستداں ان کے ثبوت طلب کررہے ہیں لیکن ہندوستانی فوج جب کچھ کہتی ہے تو ہمیں اس پر یقین کرنا چاہے ۔ یہ (ہندوستانی فوج ) دنیا کی ایک بہترین ماہر ، پیشہ ور اور بہادر فوج ہے ۔ میں نہیں سمجھتا کہ کوئی ان ( فوج ) سے یہاں احمدآباد میں ثبوت طلب کرے گا ‘‘ ۔ پاریکر نے مزْد کہا کہ ’’سرجیکل حملوں کے بعد دو اچھی باتیں ہوئی ہیں ۔ پہلی یہ کہ چند سیاستدانوں کے سواء تمام ہندوستانی متحدہ طورپر ہمارے بہادر سپاہیوں کے ساتھ رہے ۔ دوسری بات یہ کہ ہم (ہندوستانیوں) میں انتہائی موثر انداز میں قومی سلامتی کے بارے میں حساسیت بڑھی ہے ‘‘ ۔ پاریکر جو نرما یونیورسٹی کے ایک جلسہ سے خطاب کررہے تھے انھوں نے اس پروگرام کے انعقاد پر یونیورسٹی کی ستائش کی اور فوج میں بھرتی کیلئے نوجوانوں پر زور دیا۔

TOPPOPULARRECENT