Wednesday , August 23 2017
Home / دنیا / سرحدی تنازعہ کی یکسوئی کیلئے بات چیت پر چین تیار

سرحدی تنازعہ کی یکسوئی کیلئے بات چیت پر چین تیار

وزارت خارجہ چین کی ترجمان کا بیان ، صدر پرنب مکرجی کے دورہ چین کا خیرمقدم
بیجنگ ۔ 23 مئی (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ ہند پرنب مکرجی کے دورہ سے عین قبل چین نے آج ایک مثبت بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک سرحدی تنازعہ کی یکسوئی کیلئے مثبت اقدامات کررہے ہیں اور چین اس پیچیدہ مسئلہ کی عاجلانہ یکسوئی کیلئے مذاکرات کی رفتار میں تیزی پیدا کرنے کیلئے تیار ہے۔ وزارت خارجہ چین کے ترجمان ہوا چن ینگ نے کہاکہ چین ہندوستان کے ساتھ مذاکرات کی رفتار تیز کرنے کیلئے تیار ہے تاکہ جلد از جلد تاریخی سرحدی تنازعہ کی یکسوئی ہوسکے اور باہمی تعلقات میں پیشرفت ممکن ہوجائے۔ چین کا یہ تبصرہ کہ ہندوستان منصفانہ، واجبی اور دونوں ممالک کیلئے قابل قبول حل سرحدی تنازعہ کے سلسلہ میں چاہتا ہے، بہت مثبت ہے۔ وزارت خارجہ چین کے ترجمان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم صدر پرنب مکرجی کے اولین دورہ چین پر ان کا خیرمقدم کرتے ہیں اور سرحدی تنازعہ کی منصفانہ، واجبی اور ہر ایک کیلئے قابل قبول یکسوئی کے خواہاں ہے۔ چینی ذرائع ابلاغ نے اس مسئلہ پر تبصرہ کرتے ہوئے تحریر کیا ہیکہ گذشتہ 30 سال سے زیادہ عرصہ سے دونوں ممالک تنازعات کی یکسوئی، سرحد پر امن اور خیرسگالی کی بحالی، باہمی تعلقات کی پائیدار ترقی اور استحکام کیلئے مثبت اقدامات کررہے ہیں۔ پرنب مکرجی چینی صنعتی شہر گوانگ ژاؤ کا کل دورہ کریں گے۔ انہوں نے چینی ذرائع ابلاغ سے کہا کہ ہندوستان سرحدی تنازعہ کی منصفانہ، واجبی اور باہمی قابل قبول یکسوئی چاہتا ہے۔

وہ 25 مئی کو بیجنگ پہنچیں گے اور صدر و وزیراعظم چین کے علاوہ دیگر چینی قائدین سے ملاقاتیں کریں گے۔ دونوں ممالک 19 ویں خصوصی نمائندہ بات چیت گذشتہ ماہ کرچکے ہیں۔ دونوں ممالک نے سیاسی رہنمایانہ خطوط اور تین اقدامات پر مبنی لائحہ عمل پیش کیا ہے۔ چین اور ہندوستان تیزی سے ترقی پذیر معیشتیں ہیں اور دونوں ممالک کا اثر و رسوخ عالمی سطح پر بڑھتا جارہا ہے۔ دونوں دنیا بھر میں امن اور ترقی کے پروگراموں پر اثر انداز ہورہے ہیں۔ وزارت خارجہ چین کی ترجمان نے کہا کہ گذشتہ چند سال سے ہندوستان اور چین باہمی تعلقات مستحکم اور صحتمند انداز میں پیشرفت کررہے ہیں جس کی چین کو بیحد خوشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر پرنب مکرجی کا دورہ ایک ایسے وقت ہورہا ہے جبکہ گذشتہ دوروں کے مثبت نتائج پر عمل آوری جاری ہے اور دونوں ممالک ترقی کے شعبہ میں باہمی شراکت داری کیلئے تیار ہیں۔ پرنب مکرجی نے چینی ذرائع ابلاغ سے کہا کہ سرحد پر امن اور خیرسگالی برقرار رکھنا ضروری ہے۔ دونوں ممالک کو اس بات کو یقینی بنانے کیلئے دیرینہ مسائل کی یکسوئی باہمی حساسیت کو اور ایک دوسرے کے اندیشوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے دونوں ممالک کے مفادات اور آرزوؤں کی تکمیل کیلئے کی جائے۔

TOPPOPULARRECENT