Friday , August 18 2017
Home / Top Stories / سرحد پار سے دراندازی کی 3کوششیں ناکام، 7جنگجو اور ایک فوجی جوان ہلاک

سرحد پار سے دراندازی کی 3کوششیں ناکام، 7جنگجو اور ایک فوجی جوان ہلاک

تین مختلف مقامات پر آپریشن جاری، دونوں طرف سے گولہ باری کا تبادلہ، بڑے پیمانہ پر تلاشی مہم
سرینگر 8جون (سیاست ڈاٹ کام ) فوج نے شمالی کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان زیر قبضہ کشمیر سے دراندازی کی تین بڑی کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے 7 جنگجوؤں کو ہلاک کیا ہے ۔ تاہم دراندازوں کے ساتھ گولہ باری کے تبادلے میں ایک فوجی جوان ہلاک جبکہ دو دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ دراندازوں کے خلاف تین مختلف مقامات پر آپریشن جاری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ایل او سی کی حفاظت پر مامور فوجیوں نے جمعرات کی علی الصبح نوگام سیکٹر میں پاکستان زیر قبضہ کشمیر سے جنگجوؤں کے ایک گروپ کو اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہندوستانی علاقہ میں داخل ہوتے ہوئے دیکھا۔ تاہم جب دراندازی کے مرتکب جنگجوؤں کو للکارا گیا اور خودسپردگی اختیار کرنے کے لئے کہا گیا تو انہوں نے ایسا کرنے کے بجائے فوجیوں پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ فوجیوں نے جوابی فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے مابین باضابطہ طور پر جھڑپ کا آغاز ہوا، جس میں 3جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ دراندازوں کی فائرنگ کی وجہ سے ایک فوجی اہلکار جاں بحق ہوا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ آخری اطلاعات ملنے تک آپریشن جاری تھا۔ ایسی ہی ایک کوشش کے تحت قریب چھ جنگجوؤں نے جمعرات کی صبح اوڑی سیکٹر میں سرحد کے اس پار داخل ہونے کی کوشش کی ہے ۔ تاہم جب ایل او سی پر تعینات فوجیوں نے انہیں سرحد کے اس پار داخل ہونے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا اور انہیں خودسپردگی اختیار کرنے کی پیشکش کی تو انہوں نے ایسا کرنے کے بجائے اپنی بندوقوں کے دھانے کھول دیے ۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جنگجوؤں کی فائرنگ سے فوج کے دو اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ علاقہ میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا گیا ہے ، جبکہ زخمی اہلکاروں کو ائرلفٹ کرکے سری نگر میں بادامی باغ فوجی چھاؤنی میں واقع فوجی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔ دراندازی کی ان کوششوں کو ناکام بنانے سے قبل فوج نے چہارشنبہ کو ضلع کپواڑہ میں لائن آف کنٹرول کے مژھل سیکٹر میں دراندازی کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے چار بھاری مسلح جنگجوؤں کو ہلاک کیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مژھل سیکٹر میں ایل او سی کی حفاظت پر مامور فوجیوں نے جنگجوؤں کے ایک گروپ کو 6 مئی کی رات دیر گئے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان زیر قبضہ کشمیر سے سرحد کے اس پار داخل ہوتے ہوئے دیکھا۔ انہوں نے بتایا کہ جب جنگجوؤں کو للکارا گیا اور خودسپردگی اختیار کرنے کے لئے کہا گیا تو انہوں نے ایسا کرنے کے بجائے اپنی بندوقوں کے دھانے کھول دیے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ فوجیوں نے جوابی فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے مابین گولہ باری کا تبادلہ شروع ہوا جس میں ایک جنگجو کو ہلاک کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ باقی جنگجوؤں نے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی۔ انہوں نے بتایا کہ علاقہ میں سیکورٹی فورسز کی اضافی کمک بھیج کر مژھل سیکٹر کے سرداری نڈ جنگلات میں تلاشی آپریشن شروع کیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT