Friday , August 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / سرحد پر کشیدگی: شعیب اختر ہند ۔ پاک سیریز کے مخالف

سرحد پر کشیدگی: شعیب اختر ہند ۔ پاک سیریز کے مخالف

دبئی۔28 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری سرحدی کشیدگی کے پیش نظر دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ سیریز ملتوی کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔شعیب اختر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان جاری تناؤ کے ماحول کے سبب دسمبر میں متحدہ عرب امارات میں شیڈول سیریز نہیں ہونی چاہیے اور اسے ملتوی کردینا چاہیے۔گزشتہ دنوں ہندوستانی پنجاب کے ضلع گورداس پور میں مسلح دہشت گردوں کے پولیس چوکی پر حملے کے نتیجے میں 3 اہلکاروں سمیت 10 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔اس واقعے کے بعد ہندوستانی بورڈ کے سکریٹری انوراگ ٹھاکر نے پاکستان سے کرکٹ سیریز کے امکان کو یکسر مسترد کردیا تھا۔بی سی سی آئی کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ پاکستان کو یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ اگر ہمارے ملک کی سیکیورٹی اور امن متاثر ہو گا تو کرکٹ نہیں کھیلی جا سکتی۔ میں سمجھ سکتا ہوں کہ کھیل ایک مختلف چیز ہے لیکن ہماری اندرونی سکیورٹی زیادہ اہم ہے‘۔

اس کے ساتھ سیز فائر کی خلاف ورزی اور دہشت گردی کے الزامات کے سبب دونوں ملکوں کے تعلقات سفارتی سطح پر بھی ایک بار پھر کشیدہ صورتحال اختیار کر چکے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ حال ہی میں دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والے اعلیٰ سطح کے مذاکرات بھی منسوخ ہو گئے تھے۔دبئی میں اسپرائٹ کرکٹ اسٹارز ٹورنمنٹ کی پرموشن کیلئے موجود شعیب اختر نے کہا کہ موجودہ حالات سیریز کو ملتوی کرنے کیلئے کافی ہیں۔’’ہر کسی کو معلوم ہے کہ کھیل کو سیاست سے الگ رکھنا چاہیے لیکن بدقسمتی سے سرحدوں پر صورتحال بہت کشیدہ ہے اور اس وقت دونوں ملکوں کے درمیان ٹسٹ سیریز نہیں ہونی چاہیے‘‘۔تاہم انہوں نے کہا کہ جیسے ہی حالات میں بہتری آئے، کشیدگی کم ہو اور دونوں ملک اعلیٰ سطح پر مذاکرات کیلئے راضی ہوں تو ایسی صورت میں کرکٹ تعلقات میں بہتری کا سب سے اچھا ذریعہ ہیں۔اختر کا کہنا تھا کہ یہ دونوں ٹیمیں ابھی بھی دنیا کی بہترین ٹیموں میں شمار کی جاتی ہیں، اگر کرکٹ میں دلچسپی برقرار رکھنی ہے تو یہ دونوں ٹیمیں ایک دوسرے سے کھیلے بغیر نہیں رہ سکتیں۔

TOPPOPULARRECENT