Saturday , August 19 2017
Home / Top Stories / سرحد کی صورتحال پر سارا ملک برہم، سپاہیوں سے یگانگت پر زور

سرحد کی صورتحال پر سارا ملک برہم، سپاہیوں سے یگانگت پر زور

پاکستانی فنکاروں پر امتناع کے سوال کے راست جواب سے گریز، امیتابھ بچن کی پریس کانفرنس
ممبئی 11 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ اداکار امیتابھ بچن نے جو آج 74 برس کے ہوگئے، کہاکہ عوام کے لئے یہ وقت ہندوستانی سپاہیوں سے اظہار یگانگت کرنے کا ہے جب وہ (سپاہی) دہشت گرد حملوں کا نشانہ بن رہے ہیں۔ امیتابھ بچن نے اپنی 74 ویں سالگرہ کے موقع پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اپنے ان جذبات و احساسات کا اظہار کیا۔ ان سے دریافت کیا گیا تھا کہ ہندوستان میں کام کرنے والے پاکستانی فنکاروں کے مسئلہ پر آیا بالی ووڈ کی رائے منقسم ہے۔ بالخصوص اُری دہشت گرد حملے کے بعد ان (پاکستانی فنکاروں) پر امتناع عائد کرنے کے مطالبات میں اضافہ ہوا ہے۔ بچن نے کہاکہ وہ تمام فنکاروں کا احترام کرتے ہیں۔ بالی ووڈ کے پردہ سیمیں پر اپنے منفرد انداز اور مقبول اداؤں کے سبب ہندوستان کے ’’برہم نوجوان‘‘ کہلائے جانے والے امیتابھ بچن نے ایک سوال پر جواب دیا کہ ’’میں اپنے ہاتھ جوڑ کر آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ یہ اس قسم کے سوالات کیلئے مناسب وقت نہیں ہے‘‘۔

اُنھوں نے اس احساس کا اظہار کیاکہ سرحد کی سنگین صورتحال کو ملحوظ رکھتے ہوئے ہر کسی کو چاہئے کہ وہ ہندوستانی سپاہیوں سے یگانگت کا اظہار کریں۔ امیتابھ بچن نے جذباتی انداز میں کہاکہ ’’کس نے کیا اور کیوں کیا۔ کہاں اور کیسے کیا۔ اس بحث میں الجھنے کی ضرورت نہیں ہے۔ قوم اس وقت سخت بے چین ہے اور اس ملک کے عوام ہماری سرحدوں پر پیش آئے حالیہ واقعات پر کافی برہم ہیں‘‘۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ ’’یہ وقت ہے کہ ہم اپنے فوجی جوانوں اور مسلح افواج سے یگانگت کا اظہار کریں جو اپنی جانیں قربان کررہے ہیں۔ ان کی خدمات کی بدولت آپ اور ہم محفوظ ہیں۔ یہی وہ بات ہے جس کے بارے میں کچھ کہا اور پوچھا جاسکتا ہے۔ اس کے سواء اور کچھ (کسی سوال کی) ضرورت نہیں‘‘۔ اس سوال پر کہ آیا ایک ملک (پاکستان) کے فنکاروں پر یہاں امتناع عائد کیا جانا چاہئے؟ امیتابھ نے جواب دیا کہ ’’اس سوال کا پہلے بھی جواب دے چکا ہوں۔ میں تمام فنکاروں کا احترام کرتا ہوں‘‘۔ اس دوران امیتابھ کو سالگرہ کی مبارکبادیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے کہاکہ ’’ان کی وضعداری اور انکساری کے کئی پرستار ہیں۔ میں، امیتابھ کی صحت اور درازی عمر کیلئے اپنی نیک تمنائیں پیش کرتا ہوں۔

امیتابھ بچن کی سالگرہ پراہم شخصیات کی مبارکباد
نئی دہلی۔/11اکٹوبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج بالی ووڈ میگا اسٹار امیتابھ بچن کو 74 ویں سالگرہ کے موقع پر مبارکباد پیش کی ہے اور ان کی صحت مند اور طویل العمر زندگی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے جبکہ مرکزی وزراء راجناتھ سنگھ اور ایم وینکیا نائیڈو اور اسپورٹس کی دنیا کی ممتاز شخصیتوں نے بھی انہیں مبارکباد پیش کی جن میں ارجن رامپال، فرح خان، رام گوپال ورما، کرن جوہر اور یوراج سنگھ شامل ہیں۔

TOPPOPULARRECENT