Saturday , August 19 2017
Home / Top Stories / سرسبز و شاداب اور خوشگوار ماحول کے لیے شجرکاری لازمی

سرسبز و شاداب اور خوشگوار ماحول کے لیے شجرکاری لازمی

آلودگی سے تحفظ ، ہریتا ہرم مہم ، ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کی مختلف مقامات پر شجرکاری
حیدرآباد۔11جولائی(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کے معلنہ پروگرام ہریتا ہرم کے تحت نائب وزیراعلی تلنگانہ الحاج محمد محمودعلی نے نئے اور پرانے شہر کے اسمبلی حلقہ جات کے مختلف تعلیمی اداروں اور طبی مراکز میںشجرکاری انجام دی ۔ جناب محمد محمود علی نے چنتل بسنتی گورنمنٹ کالج ‘ گورنمنٹ ہائی اسکول فلم نگر‘ نمس اسپتال ‘ قلی قطب شاہ پالی ٹیکنک کالج بہادر پورہ‘ لٹل انجلس اسکول ملک پیٹ‘موسیٰ رام باغ ایس بی ایچ کالونی میںشجرکاری کی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ تلنگانہ راشٹرایہ سمیتی کے مقامی قائدین کے علاوہ عہدیداران کی کثیرتعداد بھی موجود تھی۔ جناب محمد محمودعلی نے شجرکار ی کو آلودگی سے پاک ماحول کے لئے معاون قراردیتے ہوئے کہاکہ مانسون کی آمد کے ساتھ تلنگانہ میںپودوں کو درخت بنانے میںمددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ پچیس لاکھ پودے لگانے کا چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائونے نشانہ مقرر کیا ہے اور ہریتا ہرم کا آج یہ دوسرا مرحلہ ہے جس میں شہر حیدرآباد کے تمام اسمبلی حلقہ جات میںشجرکاری کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ جناب محمدمحمودعلی نے بتایا کہ ہریتا ہرم ایک منفرد پروگرام ہے جس کی تمام گوشوں سے ستائش کی جارہی ہے ۔ کے چندرشیکھر رائو نے ہریتا ہرم پر خصوصی توجہہ مرکوز کی ہے ۔ اس موقع پر شجرکاری کی اہمیت و افادیت سے طلباء اور عوام کو واقف کرواتے ہوئے کہا کہ درخت قدرت کا ایک انمول تحفہ ہیں درختوں اور جانداروں کا گہرا ناطہ ہے جو ہمارے اور کرہ ارض پر موجود تمام جانداروں کیلئے قدرتی آکسیجن کی حیثیت رکھتے ہیںاور یہ نہ صرف فضائی آلودگی سے پیدا ہونے والے کاربن ڈائی آکسائڈ کو جذب کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں بلکہ تازہ آکسیجن فراہم کرتے ہیں لیکن ہم ان کی اہمیت سے واقف ہونے کے باوجود ترقی کے نام پر درختوں کی کٹائی کررہے ہیں پہلے جہاں گھنے جنگلات ہوا کرتے تھے آج وہ کنکریٹ کے جنگل میں تبدیل ہو چکے ہیں جس کے نتائج ہمارے سامنے ہیں ۔محمد محمود علی نے مزید کہا کہ درختوں کے ہونے سے بارش وقت پر ہوتی ہے اور ان میں اللہ تعالی نے مختلف خوبیاں رکھی ہیں ان کے ذریعے آنے والی ہوا سے مختلف امراض سے شفا ء بھی ہوتی ہے ۔ نائب وزیر اعلی نے بتایا کہ ترقی یافتہ ملک امریکہ میں ایک شخص کے حصے میں 7  ہزار سے زائد درخت آتے ہیں  جبکہ اس کے مقابلے  ہمارے ملک میں درخت کافی کم تعداد میں پائے جاتے ہیں انہوں نے بتایا کہ حکومت نے تلنگانہ کو سنہرے تلنگانہ کے ساتھ ساتھ سر سبزو شاداب بنانے کا عزم رکھتی ہے اور اس سلسلے میںپوری ریاست میں چار کروڑ درخت لگانے پر عمل آوری کررہی ہے تاہم اس سلسلے میں عوام کی توجہ کی ضرورت ہے اگر ہر شخص ایک  پودہ لگادے تو اتنے درخت ہو جائیں گے اور ہرا بھرا صحت مند تلنگانہ تشکیل پائے گا۔جناب محمد محمودعلی نے عوام سے بھی حکومت تلنگانہ کے ہریتا ہرم پروگرام میںبڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی بھی اپیل کی۔

TOPPOPULARRECENT