Thursday , September 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / سرفراز کو سال کے بہترین اور مصباح کو کارنامہ حیات ایوارڈ

سرفراز کو سال کے بہترین اور مصباح کو کارنامہ حیات ایوارڈ

لاہور۔15ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے2017 میں شاندار کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو ایوارڈز سے نوازا گیا جس میں ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سال کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے 2017 ایوارڈ کی تقریب لاہور میں منعقد ہوئی جس میں پاکستانی ٹیم کے علاوہ ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی۔ٹسٹ کرکٹ میں پاکستان کو سب سے زیادہ فتوحات سے ہمکنار کروانے والے سابق کپتان مصباح الحق کو امتیاز احمد اسپرٹ آف کرکٹ اور لائف ٹیم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازنے کے ساتھ ساتھ نقد انعام بھی دیا گیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان شاہد آفریدی اور یونس خان کو بھی تقریب میں مدعو کیا تھا تاکہ پاکستان کرکٹ کیلئے خدمات پر انہیں انعام و کرام سے نوازا جائے لیکن مختلف وجوہات کے سبب دونوں کھلاڑیوں نے تقریب میں شرکت نہ کی۔پی سی بی نے دونوں کھلاڑیوں کیلئے ایک ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا تھا لیکن تقریب میں شرکت نہ کرنے پر یہ رقم فلاحی تنظیم ایدھی فاؤنڈیشن کو عطیہ کر دی گئی۔ایوارڈز کی تقریب میں بابر اعظم کو سال کے بہترین ونڈے پلیئر، یاسر شاہ کو سال کے بہترین ٹسٹ کھلاڑی اور عماد وسیم کو سال کے بہترین ٹی20 کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔حسن علی اور شاداب خان سال کے بہترین ابھرتے ہوئے کھلاڑی کا ایوارڈ جیتنے میں کامیاب رہے۔شاہد آفریدی نے پی سی بی کی جانب سے ایک کروڑ کی رقم ایدھی فاؤنڈیشن کو عطیہ کیے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک عظیم مقصد کی حمایت سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں ہو سکتا۔

TOPPOPULARRECENT