Monday , September 25 2017
Home / سیاسیات / سرمایہ کار وں کو پریشانی کی ضرورت نہیں : جیٹلی

سرمایہ کار وں کو پریشانی کی ضرورت نہیں : جیٹلی

نئی دہلی 12 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) اسٹاک مارکٹ میں حالیہ گراوٹ کو عالمی حالات کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے وزیر فینانس ارون جیٹلی نے آج کہا کہ سرمایہ کاروں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے اور انہیں معیشت کی طاقت میں یقین رکھنا چاہئے ۔ وزیر فینانس نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ترقی اور عالمی سست روی کو ذہن میں رکھتے ہوئے پالیسیاں اختیار کی جائیں گی ۔ کل اسٹاک مارکٹ میں بھاری گراوٹ آئی تھی اور بی ایس ای سنسیکس 807.7 پوائنٹس کے خسارہ کے ساتھ بند ہوا تھا ۔ جیٹلی نے کہا کہ ہندوستانی معیشت کافی مستحکم ہے اور یہ روایتی انداز سے کام کر رہی ہے ۔ سرمایہ کاروں کو چاہئے کہ وہ عالمی حالت کو دیکھتے ہوئے جلد بازی میں یا پریشانی کی حالت میں کچھ بھی کرنے کی بجائے ملک کی معیشت کے استحکام کو ذہن میں رکھیں۔ وزیر موصوف نے کہا کہ عالمی مارکٹوں میں بھاری فروخت کے رجحان کی وجہ سے حالات پیدا ہوئے ہیں جن کے نتیجہ میں ہندوستان کے بشمول دنیا بھر کی معیشتوں پر اس کے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسٹاک مارکٹ میں گراوٹ کی کئی وجوہات ہوسکتی ہیں اور زیادہ تر وجوہات بیرونی ممالک کی ہیں۔ یوروپ میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کا اثر چین پر بھی ہو رہا ہے ۔ سرمایہ کاروں کو خوفزدہ ہونے یا پریشان ہونے کی ضرورت نہیںہے ۔ مرکزی حکومت اس ماہ کے اواخر عام بجٹ کی پیشکشی سے قبل انڈیا انکارپوریشن بالخصوص اسٹاک مارکیٹ میں اعتماد کا ماحول بڑھانے کوشاں ہے۔

TOPPOPULARRECENT