Wednesday , October 18 2017
Home / اضلاع کی خبریں / سرکاری اردو میڈیم اسکول میں معیاری تعلیمی مظاہرہ

سرکاری اردو میڈیم اسکول میں معیاری تعلیمی مظاہرہ

سالانہ تقریب میں طلبہ کے اخلاق و آداب کو دیکھ کر ڈی ای او کا اظہا ر تعجب

کریم نگر۔/6اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کریم نگر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سرکاری اردو پرائمری اسکول شاہ صاحب کشمیر گڈہ کے زیر اہتمام بغیر کسی سرکاری امداد کے شالیمار فنکشن ہال میں شاندار پیمانے پر سالانہ تقریب منعقد کی گئی۔عموماً خانگی تعلیمی اداروں میں اس طرح کا پروگرام سیاسی قائدین کی موجودگی میں دھوم دھام کے ساتھ منایا جاتا ہے اور اولیائے طلباء کو بھی مدعو کیا جاتا ہے لیکن اردو میڈیم سرکاری مدرسہ کا یہ پہلا پروگرام ہے جس میں مدرسہ کی کارکردگی، تعلیمی معیار کے ساتھ بچوں کے مختلف پروگرامس کو پیش کرکے ایک مثال قائم کی ہے۔ ناظم تعلیمات (DEO) سرینواس چاری نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ انہوں نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اپر پرائمری اسکول اردو میڈیم کا یہ پروگرام قابل ستائش ہے۔ انہوں نے مدرسہ کے انتظامیہ کو مبارکباد دی۔ طلباء کی تربیت، اخلاق اور آداب دیکھ کر تعجب کیا اور مدرسہ کے ذمہ داران کو مشورہ دیا کہ طلباء میں پوشیدہ صلاحیتوں کو ابھارنا ایک معلم کا فرض ہے۔ تقریب کا آغاز مدرسہ ہذا کے طالب علم علیم الدین کی تلاوت کلام پاک سے ہوا ، آمنہ فاطمہ نے حمد باری تعالیٰ اور سمیعہ صدیقہ نے نعت پاک کا نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ جلسہ کی کارروائی اعجاز فاطمہ اور سیدہ ناز نے برجستہ اردو اشعار پیش کرتے ہوئے نہایت ہی دلچسپ طریقہ سے چلائی۔ صدر معلمہ حبیب فاطمہ نے اس پروگرام کے ذریعہ حاضرین کا دل جیت لیا۔ اس تقریب میں اولیائے طلبہ کے علاوہ وینو گوپال چاری، منڈل ایجوکیشن آفیسر، کارپوریٹر رضوانہ بیگم، سید افضل محی الدین اے ایم او، جمیل احمد سکریٹری میوا، ظفر خان صدر سوٹا، نصیر الدین ( سوٹا )، ایس جی ٹی قائد مہیپال ریڈی، مہندر ریڈی، کنکم رمیش، سرور شاہ بیانی، اظہر حسنین، نعیم الدین موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT