Wednesday , August 23 2017
Home / شہر کی خبریں / سرکاری اسکولس کے اساتذہ کیلئے تربیتی پروگرامس

سرکاری اسکولس کے اساتذہ کیلئے تربیتی پروگرامس

محکمہ تعلیمات حکومت تلنگانہ کے وسیع تر اقدامات
حیدرآباد۔25 اکتوبر (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد و سکندرآباد میں موجود سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کیلئے تلنگانہ اسکول  ایجوکیشن کی جانب سے بڑے پیمانے پر تربیتی پروگرامس کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ سال گزشتہ سرکاری اسکولوں کے نتائج میں ریکارڈ کردہ گراوٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے تلنگانہ اسکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے فیصلہ کیا ہے کہ دسویں جماعت کے لئے متعارف کردہ سی سی ای طرز تعلیم اور انگلش میں مہارت کے لئے اساتذہ کو کو تربیت فراہم کی جائے ۔ بتایا جاتا ہے کہ نئے نصاب اور طرز تعلیم کے متعلق ریاستی کونسل برائے تعلیم و تحقیق کے تعاون سے محکمہ تعلیم ان تربیتی پروگراموں کا انعقاد عمل میں لائے گا اور مختصر مدتی تربیت کے علاوہ طویل مدتی تربیت کا خصوصی انتظام کیا جائے گا۔ ذرائع کے بموجب ہائی اسکول اساتذہ اور ہیڈماسٹرس کے لئے شروع کی جانے والی اس تربیت کو تجرباتی اساس پر حیدرآباد میں شروع کیا جائے گا اور بتدریج تلنگانہ کے تمام اضلاع تک اس تربیتی پروگرام کو وسعت دی جائے گی۔ اسکول ایجوکیشن ڈائریکٹر مسٹر ٹی چرنجیولو کے بموجب ریاست بھر میں 5 ہزار صدر مدرسین کے علاوہ 10 اساتذہ کو تعلیمی و انتظامی اُمور میں تربیت فراہم کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا  اور اس منصوبہ کے مطابق ماہ ڈسمبر سے اس تربیت کا آغاز ہوگا۔ انگلش میں مہارت حاصل کرنے والے اساتذہ کیلئے جامعہ عثمانیہ کی جانب سے انگلش لینگویج ٹریننگ سنٹرس کی سند بھی دی جائے گی۔ ریاست میں چلائے جانے والے سرکاری اسکولوں کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے طور پر حکومت نے اساتذہ کو تربیت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے بموجب ریاست میں فی الحال انگریزی زبان میں مہارت رکھنے والے اساتذہ کی شدید قلت ہے جسے فوری طور پر دُور کیا جانا ضروری ہے کیونکہ حکومت کی جانب سے کے جی تا پی جی مفت تعلیم کے منصوبہ پر عمل آوری کے آغاز کے ساتھ ہی تمام اسکولوں میں ماہر اساتذہ ضروری ہے۔ اسی لئے انگریزی سرکاری اسکولوں میں درکار تعداد کے تقرر کو یقینی بنانے کے متعلق بھی غور کیا جانے لگا ہے۔ سرکاری اسکولوں کے اساتذہ و صدر مدرسین کے لئے منعقد کی جارہی تربیت کے مثبت نتائج برآمد ہونے کی توقع ہے۔ شہر حیدرآباد و سکندرآباد کے اسکولوں میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ کو پندرہ روزہ آف لائن تربیت کی فراہمی کے بعد طویل مدتی تربیت کی فراہمی کا بھی منصوبہ تیار کیا گیا ہے جسے ریاست کے دیگر مقامات پر وسعت دینے کے متعلق تبادلہ خیال جاری ہے۔

TOPPOPULARRECENT