Tuesday , September 26 2017
Home / شہر کی خبریں / سرکاری اسکولوں میں ایس ایس سی کے بہتر نتائج کی کوشش

سرکاری اسکولوں میں ایس ایس سی کے بہتر نتائج کی کوشش

حکومت کی جانب سے اساتذہ کو سخت احکام جاری کئے جانے کے امکانات
حیدرآباد۔19جنوری(سیاست نیوز) ریاست میں موجود سرکاری اسکولو ںمیں ایس ایس سی کے نتائج کو بہتر بنانے کیلئے حکومت کی جانب سے اساتذہ کو سخت ہدایات جاری کئے جانے کا امکان ہے۔ سرکاری اسکولو ںکے ایس ایس سی نتائج میں بہتری کیلئے حکومت نے تمام ضلع کلکٹرس کو ہدایت جاری کی ہے اور محکمہ تعلیم کی جانب سے تمام اساتذہ کو نتائج کی بہتری کیلئے اقدامات کرنے پر زور دیا جارہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بعض سرکاری اسکول جن کے نتائج میں گذشتہ چند برسوں کے دوران بہتری پیدا نہیں ہوئی ہے ان اسکولوں کے ذمہ داروں کو انتباہی نوٹس جاری کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے تاکہ ان کے خلاف کاروائی کی جا سکے۔ محکمہ تعلیم کے اعلی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ کئی اسکولوں میں اساتذہ کی عدم توجہی کے سبب ایس ایس سی نتائج میں بہتری پیدا نہیں ہو رہی ہے جبکہ اساتذہ کا کہنا ہے کہ تعلیمی مواد کی تاخیر سے اجرائی اور طلبہ کی غیر حاضری کے سبب سرکاری اسکولوں کے نتائج کو بہتر بنایا جانا مشکل ہوتا ہے لیکن اس کے باوجود بھی گذشتہ دو برسوں کے دوران کئی سرکاری اسکولوں کے نتائج میں بہتری پیدا ہوئی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ جاریہ سال سالانہ امتحانات سے قبل ایس ایس سی نتائج میں بہتری لانے والے اسکولوں کیلئے ترغیبی انعامات اور اساتذہ کیلئے اعزاز کے اعلان پر بھی غور کیا جا رہا ہے تاکہ طلبہ کی تعلیم کو بہتر بنا یاجا سکے۔ سرکاری اسکولوں کے معیارتعلیم کو تنقید کا نشانہ بنائے جانے کے واقعات کے محکمہ تعلیم نے فیصلہ کیا ہے کہ ریاست میں ایس ایس سی نتائج میں بہتری کیلئے اقدامات کرتے ہوئے سرکاری اسکولوں کے تعلیمی معیار کو مستحکم بنایا جائے۔حکومت تلنگانہ کی جانب سے سرکاری اسکولوں میں بہتر انفراسٹرکچر کی فراہمی کے علاوہ ڈیجیٹل کلاس رومس کے آغاز کے بعد کی جانے والی اس منصوبہ بندی کے متعلق کہا جا رہا ہے کہ آئندہ تعلیمی سال سے نئی تعلیمی پالیسی کے روشناس کروائے جانے سے قبل ریاست کے سرکاری اسکولوں کے نتائج کو بہتر بنایا جانا ناگزیر ہے اسی لئے جاریہ تعلیمی سال کے ایس ایس سی نتائج پر حکومت نے توجہ مرکوز کرتے ہوئے سخت گیر اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے  تاکہ آئندہ سال سے نئی تعلیمی پالیسی کو لازمی کرنے میں کوئی دشواریاں نہ ہونے پائیں۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے سرکاری اسکولوں کے بتائج کا تفصیلی جائیزہ لیئے جانے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اساتذہ کو بہتر نتائج پر اعزاز اور نتائج میں خرابی پر کاروائی کے متعلق واقف کروایا جائے ۔بتایا جاتا ہے ضلع کلکٹرس کی جانب سے اس سلسلہ میں تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کو مکتوبات روانہ کرتے ہوئے ہدایات جاری کی جائیں گی۔

TOPPOPULARRECENT