Saturday , October 21 2017
Home / شہر کی خبریں / سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولتیں ندارد

سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولتیں ندارد

حکومت کے اعداد و شمار میں انکشاف، نئے تعلیمی سال میں اقدامات متوقع
حیدرآباد 24 اپریل (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں شہر حیدرآباد کے سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولتوں کی حالت دیگر اضلاع سے ابتر ہے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے پیش کردہ اعداد و شمار کا جائزہ لینے پر یہ بات منظر عام پر آئی ہے کہ شہر حیدرآباد میں موجود 688 سرکاری اسکولوں میں 5 اسکول ایسے ہیں جہاں باؤلی کے ذریعہ پینے کا پانی فراہم کیا جاتا ہے اور 32 اسکول ایسے ہیں جہاں پر بورویل نصب کئے گئے ہیں۔ اسی طرح 497 اسکولوں میں نل کا پانی سربراہ کیا جاتا ہے۔ 154 ایسے اسکول ہیں جہاں طلبہ پینے کا پانی ساتھ لاتے ہیں۔ اسی طرح پلے گراؤنڈ کی صورتحال میں بھی حیدرآباد کے سرکاری اسکول کافی پیچھے ہیں۔ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق حیدرآباد کے 534 سرکاری اسکولوں میں پینے کے پانی کی سربراہی عمل میں لائی جاتی ہے جبکہ 599 ایسے سرکاری مدارس ہیں جہاں برقی سربراہی موجود ہے۔ 570 اسکولوں کو باؤنڈری وال موجود ہے اور صرف ایک اسکول ایسا ہے جہاں کچن شیڈ تعمیر کیا گیا ہے۔ حیدرآباد کے 688 سرکاری مدارس میں 219 ایسے مدارس ہیں جہاں کھیل کے میدان کی سہولت موجود ہے۔ حکومت کے بموجب ریاست بھر میں جملہ 25,966 سرکاری مدارس خدمات انجام دے رہے ہیں جن میں 554 ایسے مدارس ہیں جہاں باؤلی کے ذریعہ پانی فراہم کیا جاتا ہے اور 10013 ایسے اسکول ہیں جہاں بورویل کی سہولت موجود ہے۔ 8525 مدارس میں نل کے ذریعہ پانی سربراہ کیا جارہا ہے۔ ریاست تلنگانہ میں سرکاری مدارس کی حالت کو بہتر بنانے کے لئے یہ ضروری ہے کہ سب سے پہلے حیدرآباد کے علاوہ ضلع رنگاریڈی کے مدارس کی حالت کو بہتر بنایا جائے۔ ضلع رنگاریڈی میں 2264 دینی مدارس ہیں جن میں 1544 مدارس میں پینے کے پانی کی سہولت موجود ہے۔ 1969 مدارس میں برقی سربراہی موجود ہے اور 1205 اسکولوں میں کھیل کے میدان موجود ہیں۔ سرکاری اسکولوں کے حالات کو بہتر بنانے کے لئے حکومت کی جانب سے جو حکمت عملی تیار کی گئی ہے اُس کے مطابق ریاست میں موجود تمام سرکاری مدارس کو یکساں طور پر ترقی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ریاست کے 25966 سرکاری مدارس میں عادل آباد 2834 ، نظام آباد 2175 ، کریم نگر 1936 ، میدک 2841 ، حیدرآباد 688 ، رنگاریڈی 2264 ، محبوب نگر 3705 ، نلگنڈہ 3137 ، ورنگل 2919 ، کھمم 2467 مدارس شامل ہیں۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے ان مدارس میں مزید بہتر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے تعلیمی سال 2016-17 ء کے دوران اقدامات کئے جانے کی توقع ہے۔

TOPPOPULARRECENT