Thursday , August 24 2017
Home / شہر کی خبریں / سرکاری تقاریب میں ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی بری طرح نظرانداز

سرکاری تقاریب میں ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی بری طرح نظرانداز

حیدرآباد۔/15مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت میں چیف منسٹر کے بعد ان کے فرزند کے ٹی راما راؤ کو نظم و نسق نے جانشین کے طور پر قبول کرلیا ہے۔ اس کا اظہار یوں تو سابق میں بھی کئی مواقع پر ہوا لیکن آج شہر میں بعض ترقیاتی پروگراموں میں کے ٹی آر کی شرکت کے موقع پر اس کا دوبارہ اظہار ہوا ہے۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کو حال ہی میں بلدی نظم و نسق کی ذمہ داری دی گئی اور انہوں نے کوکٹ پلی ہاوزنگ سوسائٹی اور حیدر نگر ڈیویژنس میں ذخیرہ آب کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس کے علاوہ ویویکانند نگر ڈیویژن میں سڑک کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ ان تقاریب میں عہدیداروں نے پروٹوکول کو واضح طور پر نظرانداز کردیا اور ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کا نام سنگ بنیاد کی تختی پر شامل نہیں کیا گیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر یوں تو عہدہ کے اعتبار سے بھی وزیر سے بلند ہوتے ہیں اس کے علاوہ ان کا تعلق حیدرآباد سے ہے ایسے میں سنگ بنیاد اور افتتاح کی تختی پر ان کا نام پروٹوکول کے مطابق آنا چاہیئے لیکن عہدیداروں نے مسلم ڈپٹی چیف منسٹر کو نظر انداز کردیا۔ ان تقاریب میں ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی نے شرکت کی تاہم ان کا نام تختی پر موجود نہیں تھا۔ کے ٹی راما راؤ کے نام کو گلابی رنگ میں انتہائی نمایاں طور پر کندہ کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ جن وزراء کے نام تختی پر شامل تھے ان میں پی مہیندر ریڈی اور سرینواس یادو شامل ہیں۔ مہیندر ریڈی کا تعلق ضلع رنگاریڈی سے ہے اور متعلقہ پروگراموں سے ان کے محکمہ کا کوئی  راست تعلق بھی نہیں پھر بھی ان کا نام تختی پر شامل کیا گیا۔ میئر بی رام موہن، ارکان پارلیمنٹ اور ارکان اسمبلی حتیٰ کہ ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین کا نام بھی تختی پر شامل تھا لیکن ڈپٹی چیف منسٹر کا نام شامل نہیں کیا گیا۔ اس تقریب میں وزراء سرینواس یادو اور مہیندر ریڈی شریک تھے۔ ٹی آر ایس کے قائدین کو خود یہ دیکھ کر حیرت ہوئی کہ بلدی عہدیداروں نے پروٹوکول کا پاس و لحاظ نہیں رکھا۔ بلدی عہدیداروں کو چاہیئے تھا کہ وہ ڈپٹی چیف منسٹر کا نام کسی بھی طرح شامل کرتے کیونکہ وہ نہ صرف ڈپٹی چیف منسٹر ہیں بلکہ شہر سے تعلق رکھنے والے رکن قانون ساز کونسل ہیں۔ حکومت کو خود بھی بلدی عہدیداروں کے اس رویہ کا نوٹ لینا چاہئے۔

TOPPOPULARRECENT