Wednesday , September 20 2017
Home / شہر کی خبریں / سرکاری دواخانوں کے معیار کو بہتر بنانے اقدامات

سرکاری دواخانوں کے معیار کو بہتر بنانے اقدامات

آئی سی یو کی بھی سہولتوں کا آغاز ، کارپوریٹ دواخانوں میں غیر ضروری سرجری کی شکایت کا جائزہ
حیدرآباد۔20ڈسمبر (سیاست نیوز) کارپوریٹ ہاسپٹلس مریضوں کوغیر ضروری معائنوں اور سرجری کیلئے مجبور کرنے کی اطلاعات کے بعد حکومت نے تمام ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسرس کو ہدایت دی ہے کہ وہ ہر ماہ تمام ہاسپٹلس میں انجام دیئے جانے والے آپریشنس کی تفصیلات حاصل کرتے ہوئے رپورٹ تیار کریں۔ ریاستی وزیر صحت مسٹر کے لکشما ریڈی نے آج تلنگانہ قانون ساز کونسل میں کانگریس ارکان قانون ساز کونسل مسٹر ایس کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی‘ جناب محمد علی شبیر ‘ مسٹر ایم رنگاریڈی اور مسٹر پی سدھاکر ریڈی کی جانب سے اٹھائے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے یہ بات بتائی۔ مسٹر کے لکشما ریڈی نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے سرکاری دواخانوں کے معیار کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں اور گذشتہ دو برسوں کے دوران سدی پیٹ‘ کریم نگر‘ نظام آباد اور دیگر اضلاع میں موجود سرکاری دواخانوں میں آئی سی یو کی سہولت شروع کی گئی ہے جس کے بعدبغرض علاج و تشخیص سرکاری دواخانوں سے رجوع ہونے والے مریضوں کی تعدادمیں 20فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جو کہ سرکاری دواخانوں پر بڑھ رہے عوامی اعتماد کی علامت ہے۔ ریاستی وزیر صحت نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں موجود سرکاری دواخانوں میں سہولتوں کو بہتر بنانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے ساتھ حکومت کارپوریٹ ہاسپٹلس کی سرگرمیوں پر بھی نظر رکھے ہوئے ہے۔مسٹر کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی نے وقفہ سوالات کے دوران کونسل میں اپنے خطاب کے دوران کہا کہ شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں چلائے جانے والے کارپوریٹ ہاسپٹلس خدمت کی غرض سے نہیں چلائے جا رہے ہیں بلکہ وہ تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دے رہے ہیں اور کارپوریٹ مافیا چلایا جا رہا ہے ۔ مسٹر راجگوپال ریڈی نے کہا کہ کارپوریٹ دواخانوں میں مریض کو منتقل کرنے کے بعد جب تک پیشگی رقم جمع نہیں کروائی جاتی اس وقت تک علاج شروع نہیں کیا جاتا جو کہ غیر انسانی سلوک کے مترادف ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بیشتر کارپوریٹ ہاسپٹلس عوام اور مریضوں کے لئے تکلیف کا سبب بنے ہوئے ہیں ۔ مسٹر پی سدھاکر ریڈی نے ان مباحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ دواخانو ںکی جانب سیغیر ضروری معائنوں اور آپریشنس کی روک تھام کیلئے ویجلنس کی تشکیل کے ذریعہ میکانزم رتیار کیا جانا چاہئے ۔ مسٹر کے لکشما ریڈی ریاستی وزیر صحت نے بتایا کہ تلنگانہ میڈیکل کونسل کی جانب سے اس طرح کی شکایات موصول ہونے پر ان دواخانوں اور ڈاکٹرس کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT